تہران (ایجنسیاں) شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا 150واں یومِ پیدائش پاکستان کے ساتھ ایران میں بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس موقع پر تہران کی مختلف سڑکوں پر علامہ اقبال کی بڑی تصاویر اور فارسی شاعری کے منتخب اشعار آویزاں کیے گئے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں علامہ اقبال کی تصاویر کی نمائش کے ذریعے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی اپنے پیغام میں علامہ اقبال کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ علامہ اقبال کو فارسی زبان پر غیر معمولی دسترس حاصل تھی، جس نے پاکستان اور ایران کے درمیان علمی، ثقافتی اور روحانی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال کا پیغام اتحاد، خودی اور ایمان جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہے اور پوری مسلم دنیا کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر تہران میں ادارۂ ثقافتی تعاون برائے اقتصادی تعاون تنظیم کے زیرِ اہتمام ’’مشرق کا سورج‘‘ کے عنوان سے ادبی کانفرنس بھی منعقد کی گئی، جس میں سفارت کاروں، دانش وروں، محققین اور شعراء نے شرکت کی۔ کانفرنس میں علامہ اقبال کی فارسی شاعری، فلسفے اور ادبی خدمات پر گفتگو کی گئی۔
علامہ اقبال کو ایران میں ’’اقبال لاہوری‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کی فارسی تصانیف اور شاعری ایرانی علمی و ادبی حلقوں میں خصوصی مقام رکھتی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔

