کراچی (وقائع نگارخصوصی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے اپنی اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔اعجاز الحق نے ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ کو پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کیا جائے، تاہم اسپیکر نے تاحال استعفیٰ منظور نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد اعجاز الحق کی صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ان کی اپنی جماعت کے بعض ارکان سے بھی بحث ہوئی۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔
اعجاز الحق نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا کہ ایسے ایوان کا رکن رہنے کا کوئی جواز نہیں جہاں عوامی مسائل بھی نہ اٹھائے جاسکیں۔ حلقے کے مسائل اجاگر کرنے پر ان کے خلاف الزامات عائد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور اسپیکر ان کا استعفیٰ فوری منظور کریں۔واضح رہے کہ اعجاز الحق حلقہ پی ایس 121 کراچی غربی سے ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

