اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس، نامزد ملزم احسن طاہر اڈیالہ جیل سے رہا

راولپنڈی (نامہ نگار) سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے میں نامزد ان کے شوہر احسن طاہر کو ضمانت منظور ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے 19 نومبر کو احسن طاہر کی بعد از گرفتاری ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی، تاہم ضروری دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باعث ان کی رہائی مؤخر ہوگئی تھی۔

20 نومبر کو رہائی کے احکامات اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

مقدمے میں اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب مقتولہ کی والدہ، بھائی خرم احمد خان اور بہن نے عدالت میں حلف نامے جمع کرائے اور بیان دیا کہ ربیعہ احسن کی موت حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی، وہ ملزم کو معاف کرتے ہیں اور اس کی ضمانت پر رہائی پر انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

عدالت نے اہل خانہ کے بیانات اور حلف ناموں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت منظور کی۔ عدالت کے فیصلے کا مطلب مقدمے میں ملزم کی بریت نہیں بلکہ ضمانت پر رہائی ہے۔

واضح رہے کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنے گھر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی تھیں۔ ان کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں قتل اور غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر احسن طاہر کو گرفتار کیا تھا۔