’’ایک ذہنی مریض اور اس کا بیانیہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے‘‘ ترجمان پاک فوج

راولپنڈی ( آئی ایس پی آر) ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قید میں موجود عمران خان اور ان کے حمایتیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے فوج مخالف بیانیہ بنانا اور پھیلانا اب صرف سیاست کا معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ قومی سلامتی کیلئے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جو شخص یہ بیانیہ پھیلا رہا ہے، وہ “ایک ذہنی مریض” ہے جس کی ذات اور خواہشات ریاست پاکستان سے بڑھ گئی ہیں۔ ان کے بقول، اس شخص کی سوچ، لاجک اور مطالبات ریاست کے آئین، قانون اور مفادات سے بالاتر ہو چکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایسے بیانیے جو فوج اور ریاست کو بدنام کرنے، عوام کو فوج کیخلاف بھڑکانے یا افواج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کا باعث ہوں وہ برداشت نہیں کیے جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں، اور نہ ہی کسی خاص سیاسی جماعت، فرقہ، قوم یا علاقے کی نمائندہ ہے۔

مسئلے کی نوعیت کو “creeping internal national security threat” قرار دیتے ہوئے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ صرف ایک شخص نہیں بلکہ اس کی سماجی، آن لائن اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم حمایت ایک خطرے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی اظہارِ رائے کو تسلیم کرتے ہیں، مگر جب کوئی بیانیہ ریاست، فوج اور عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے لگے تو وہ اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون و آئین کے تحت قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کی سالمیت سب سے مقدس ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی فوج اور عوام کے درمیان خلا پیدا کرنے کی کوشش کریگایا کرانے دیگا، اسے “جوابدہ” بنایا جائیگا۔