اسلام آباد (اشرف خان لودھی سے) قائم مقام چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سیدال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل وہاں کے عوام اور ان کے سیاسی نمائندوں کو اعتماد میں لئے بغیر ممکن نہیں، کسی ایک فرد کیلئے تنہا یہ مسائل حل کرنا ممکن نہیں۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام حاصل نہیں کیا جاسکتا، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر لانا ہوگا۔
سینئر صحافی محبوب شیخ اور سید توصیف کی جانب سے دیے گئے ناشتے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کے معاملات پر بات کرتے ہوئے وہاں کے عوام کی رائے اور سیاسی قیادت کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مولانا کا تعلق ان کے اپنے قبیلے، ناصر قبیلے سے ہے اور ان کے والد بھٹو دور میں کوئٹہ میں ان کے گھر آیا کرتے تھے، ان کے خاندان کے مولانا کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں، تاہم مولانا کے حالیہ بیانات اور ان کا اندازِ گفتگو قابلِ اعتراض ہے۔ ایسے وقت میں، خصوصاً بلوچستان کے حالات کے تناظر میں، اس نوعیت کے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اپنے تحفظات کے اظہار کا حق حاصل ہے، لیکن ان کے حالیہ بیانات کا دفاع نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے باوجود ان سے بات چیت اور ملاقات ضروری ہے۔ مولانا کی جماعت نے تحریک طالبان پاکستان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے فاصلہ اختیار کیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے بھی دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، جبکہ مولانا کے قریبی ساتھی بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔ پاکستان کو مختلف سیاسی اور مذہبی پس منظر رکھنے والے لوگوں کو ایک جگہ جمع کرنا ہوگا، قومی سیاسی اتفاقِ رائے کو نقصان پہنچا تو ملک کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

سیدال خان نے کہا کہ ان کی نظر میں سیاسی استحکام پہلے آنا چاہیے، اس کے بعد معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ پاکستان کے آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنے والی ہر جماعت، خواہ وہ مذہبی ہو، بلوچ قوم پرست، سندھی قوم پرست یا خیبر پختونخوا کی قوم پرست جماعت ہو، اگر انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے تو اسے سیاسی عمل کا حصہ بننے کا موقع ملنا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے خلاف فتوے دینے اور محاذ آرائی بڑھانے کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور ثالثی کے بعد سیاسی محاذوں پر بھی درجۂ حرارت کم ہونا چاہیے۔ سیاسی محاذ ٹھنڈے رہیں گے تو پاکستان کے مفاد میں ہوگا، جبکہ سیاسی کشیدگی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ حکومت اور اپوزیشن میں موجود جماعتوں کے سنجیدہ رہنماؤں اور سیاسی مفکرین کو بھی مذاکرات میں شامل کیا جانا چاہیے۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سیاسی گفتگو میں بدزبانی اور نوجوانوں میں پھیلتے ہوئے غیر شائستہ رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سیاسی مخالفین ایک دوسرے پر سخت تنقید ضرور کرتے تھے، لیکن گالم گلوچ کا رجحان اس طرح عام نہیں تھا۔ تحریک انصاف بھی پاکستان کا ایک سیاسی فریق ہے، اس کے ارکان کو بھی سیاسی اختلاف شائستگی کے ساتھ بیان کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں وہ بعض اوقات مذاقاً کہتے ہیں کہ بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان کی زبان اور اندازِ گفتگو ایک جیسے ہیں۔ سیاسی مؤقف سخت الفاظ کے بغیر بھی بیان کیا جاسکتا ہے، لیکن بعض بیانات سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں پاکستان کے مفاد کی پروا نہیں۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر سیدال خان نے کہا کہ وہ ایوانِ وفاق کی حیثیت سے سینیٹ میں ذمہ دار منصب پر فائز ہیں، لیکن اب تک نہ ان سے کسی نے اس بارے میں باضابطہ بات کی ہے اور نہ ہی ان کے علم میں کوئی تجویز آئی ہے۔ یہ معاملہ انہوں نے صرف مختلف سیمینارز میں سنا ہے۔ وہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے عمل میں شریک رہے، تاہم اس دوران بھی ان کے علم میں نئے صوبوں کے قیام کی کوئی تجویز نہیں آئی۔
انہوں نے انتخابی نتائج کے بعد احتجاج اور سیاسی محاذ آرائی کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 3 نومبر کو امریکا میں انتخابات ہوئے، جن میں کانگریس، گورنروں اور میئرز کے انتخابات بھی شامل تھے، لیکن وہاں کسی نے احتجاجی دھرنا نہیں دیا۔ پاکستان میں انتخابات کے اگلے روز ہی دھرنے شروع ہوجاتے ہیں اور پھر آگ لگانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا دنیا کے کسی دوسرے ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ اقتدار میں موجود جماعت سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے دوسری حکومت پر حملہ کرے؟ کیا کسی ملک میں سرکاری وسائل، اسلحہ یا دیگر سرکاری ذرائع کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اور انتخابی مقابلہ اپنی جگہ، لیکن اس طرح کی محاذ آرائی کسی ملک میں معمول نہیں سمجھی جاتی۔
سیدال خان نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 18 دانش اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں، جن کا تعلق موجودہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے 36 اضلاع میں سے مختلف علاقوں میں ان اسکولوں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو بھی دیکھنا چاہیے اور ان منصوبوں کا اعتراف کیا جانا چاہیے جن سے عوام کو سہولت ملی ہے۔
انہوں نے کراچی سے گوادر تک سڑک کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس سفر میں تقریباً 18 گھنٹے لگتے تھے، لیکن اب ساڑھے چار گھنٹے میں یہ فاصلہ طے کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح لورالائی، جو ان کا آبائی شہر ہے، سے ڈیرہ غازی خان تک سفر میں پلوں اور سڑکوں کی تعمیر سے سہولت پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کسی حکمران جماعت کا دفاع کرنا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ جن لوگوں اور جماعتوں نے اچھے کام کیے ہیں، ان کا ذکر بھی ہونا چاہیے۔
سیدال خان نے سی پیک شاہراہ کو موٹروے سے بھی بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اسی سڑک کے ذریعے گوادر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو نواز شریف یا فوج سے اختلاف ہے تو اسے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ جن سڑکوں سے وہ سفر کررہا ہے، وہ کس نے تعمیر کی ہیں۔ کوئٹہ سے پنجگور تک سڑک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پنجگور پہنچنے میں تقریباً 42 گھنٹے لگتے تھے، جبکہ اب یہ سفر 16 گھنٹے میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔ پنجگور اور مستونگ کو بلوچستان کے پسماندہ ترین اضلاع میں شمار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور بہتر سفری سہولتوں کے اثرات کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے مغربی روٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے راولپنڈی سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے میں ساڑھے سات گھنٹے لگتے تھے، جبکہ اب یہ سفر ساڑھے تین گھنٹے میں طے کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ سڑکیں اور دیگر منصوبے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرتے وقت یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ان سے عوام کو کیا سہولت ملی ہے۔
ڈیموں کی تعمیر اور صوبوں کے تحفظات پر بات کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کو پانی کی ضرورت ہے اور ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، لیکن جب بلوچستان میں ڈیم بنانے کی بات ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ بلوچوں کو ڈبویا جارہا ہے، خیبر پختونخوا میں منصوبہ ہو تو اسے پختونوں کے خلاف قرار دیا جاتا ہے اور سندھ میں ڈیم کی بات پر سندھیوں کے تحفظات سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہر صوبے میں ڈیم کی تعمیر پر اسی طرح اعتراض ہوگا تو پھر پانی کی ضرورت کیسے پوری کی جائے گی؟ ان کے مطابق اس معاملے میں صوبوں کے درمیان اعتماد اور باہمی اتفاقِ رائے ضروری ہے۔
ناشتے کی اس دعوت میں ٹورنٹومیں تعینات قونصل جنرل پاکستان خلیل احمدباجوہ، سینئر صحافی لطافت صدیقی، عظیم ایم میاں، محمد ندیم، شاہ آفریدی، ارشد بھٹی اور عرفان صدیقی بھی شریک تھے۔

