پنجاب کی تقسیم اور بیوروکریسی کا امتحان

پاکستان میں نئے صوبے بنانے کا معاملہ اب محض سیاسی بحث نہیں رہا، ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے لینے کا مرحلہ اپنی جگہ اہمیت رکھتا ہے اور اس پر سیاسی جماعتوں، علاقائی نمائندوں اور مختلف حلقوں کی جانب سے لے دے بھی ہوتی رہے گی، لیکن اصل سوال اس سے کہیں زیادہ اہم اور پیچیدہ ہے، وہ یہ کہ اگر ریفرنڈم کے نتائج نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار کر دیتے ہیں تو ان صوبوں کا ابتدائی انتظام و انصرام کیسے چلایا جائے گا؟ نئی منتخب حکومتوں کے قیام تک نظام کس کے حوالے ہوگا اور اس عبوری دور میں ریاستی مشینری کو کس طرح متحرک رکھا جائے گا؟ اصولی طور پر نئے صوبوں کے قیام کی بنیاد انتظامی ضرورت قرار دی جا رہی ہے، اس میں لسانی، نسلی یا علاقائی تعصبات کو بنیاد بنانے کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے، جو ایک مثبت سوچ ہے کیونکہ پاکستان جیسے ملک میں انتظامی سہولت، عوام تک حکومتی رسائی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو ہی نئے صوبوں کے قیام کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے، تاہم انتظامی تقسیم کا فیصلہ جتنا بڑا ہے، اس پر عمل درآمد اس سے بھی زیادہ بڑے انتظامی وژن، مہارت اور تیاری کا تقاضا کرتا ہے۔

یہ سمجھنا ضروری ہے کہ صوبہ صرف ایک وزیراعلیٰ، چند وزیروں، اسمبلی اور سیکرٹریٹ کا نام نہیں ہوتا، اس کے پیچھے ایک مکمل انتظامی، مالی، قانونی اور ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہوتا ہے، پنجاب کو چار انتظامی حصوں میں تقسیم کرنے کا مطلب صرف نقشے پر چار لکیریں کھینچ دینا نہیں بلکہ ایک قائم شدہ صوبائی نظام کو چار نئے انتظامی یونٹوں میں منظم کرنا ہوگا، اس عمل میں معمولی سی بے احتیاطی بھی کئی برس تک حکومتی کارکردگی، عوامی سہولتوں اور مالیاتی نظم و ضبط کو متاثر کر سکتی ہے، سب سے پہلے نئے صوبوں کی جغرافیائی اور انتخابی حد بندی کا مسئلہ سامنے آئے گا، کون سا ضلع کس صوبے میں شامل ہوگا، تحصیلوں اور حلقوں کی تقسیم کیسے ہوگی، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کا تعین کس بنیاد پر کیا جائے گا اور الیکشن کمیشن نئے صوبوں میں انتخابی نظام کس طرح تشکیل دے گا؟ یہ تمام معاملات آئینی اور قانونی تقاضوں کے تحت طے کرنا ہوں گے۔

نئی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے پہلے انتخابی حلقوں کی حد بندی، ووٹر لسٹوں کی درستی اور انتظامی یونٹوں کی تشکیل ایک بڑا مرحلہ ہوگا، اس کے بعد سب سے بڑا سوال سرکاری مشینری کی تقسیم کا ہے، پنجاب کا موجودہ انتظامی ڈھانچہ دہائیوں کی محنت اور تجربے کے بعد تشکیل پایا ہے، چیف سیکرٹری سے لے کر ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور پٹواریوں تک ایک مربوط نظام کام کر رہا ہے، نئے صوبوں کے قیام کے بعد اس مشینری کو چار حصوں میں تقسیم کرنا ہوگا، سوال یہ ہے کہ کس افسر کو کہاں تعینات کیا جائے گا؟ کس صوبے میں کتنے افسر درکار ہوں گے؟ کس کے پاس فیلڈ کا تجربہ ہوگا اور کون سیکرٹریٹ کے معاملات سنبھالے گا؟ پولیس کا معاملہ بھی کم پیچیدہ نہیں، ایک طرف آئی جی پولیس اور ان کے ماتحت ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر افسر ہوں گے تو دوسری طرف ہزاروں پولیس اہلکاروں کی تقسیم بھی کرنا ہوگی، تھانوں، پولیس لائنز، ٹریننگ اداروں، تفتیشی شعبوں، سی ٹی ڈی اور دیگر خصوصی یونٹوں کی نئی تنظیم سازی درکار ہوگی، محض پولیس افسروں کی فہرستیں تقسیم کرنے سے امن و امان کا نظام قائم نہیں ہو سکتا۔ اسی طرح صوبائی اور وفاقی سروسز کے افسروں کی تقسیم ایک اہم قانونی اور انتظامی مسئلہ ہوگا، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان اور صوبائی سروس کے افسروں کی نئی صوبائی حکومتوں میں تعیناتی، ان کی سنیارٹی، ترقیوں، سروس اسٹرکچر اور مستقبل کے کیریئر کے معاملات طے کرنا ہوں گے، کسی افسر کو اس کی مرضی کے خلاف کسی نئے صوبے میں بھیجنے یا کسی مخصوص صوبے میں افسروں کی تعداد زیادہ رکھنے کے فیصلے بھی پیچیدگیاں پیدا کر سکتے ہیں، اس لیے اس پورے عمل کے لیے واضح، شفاف اور قابل قبول پالیسی ناگزیر ہوگی۔

مالیاتی معاملات تو شاید اس تقسیم کا سب سے حساس پہلو ہوں گے، پنجاب کا سالانہ بجٹ، ترقیاتی فنڈز، جاری اخراجات، پنشن کی ذمہ داریاں، سرکاری قرضے، اثاثے اور واجبات کس تناسب سے تقسیم ہوں گے؟ ٹیکس وصولی اور صوبائی محصولات کا نظام کیسے قائم ہوگا؟ بورڈ آف ریونیو، ایکسائز، خزانہ اور دیگر محکموں کی تنظیم نو کس بنیاد پر ہوگی؟ نئے صوبوں کو ابتدائی برسوں میں اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے وفاق سے کتنی مالی معاونت درکار ہوگی؟ یہ ایسے سوالات ہیں جن کے جوابات محض سیاسی فیصلوں سے نہیں بلکہ ٹھوس معاشی اور مالیاتی منصوبہ بندی سے مل سکتے ہیں، پنجاب کی تقسیم میں دریاؤں کے پانی کا معاملہ بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، نہری نظام، آبپاشی کے محکمے، ہیڈ ورکس، بیراج، پانی کی طلب و رسد، زرعی ضروریات اور پانی کی دستیابی کو کس بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا؟ اگر نئے صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم پر اتفاق نہ ہو سکا تو یہ معاملہ مستقبل میں ایک نئے انتظامی اور سیاسی تنازعے کی شکل اختیار کر سکتا ہے، اسی طرح سرکاری زمینوں، عمارتوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور دیگر ریاستی اثاثوں کی ملکیت اور انتظام بھی طے کرنا ہوگا۔

یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کرنے کا انتظامی تجربہ کون کرے گا؟ عملی طور پر اس کا سب سے بڑا بوجھ بیوروکریسی کے کندھوں پر ہوگا، سیاسی قیادت صوبوں کے قیام کا فیصلہ کر سکتی ہے، اسمبلیاں قانون سازی کر سکتی ہیں اور وفاقی حکومت آئینی مراحل مکمل کر سکتی ہے، لیکن نئے صوبوں کو عملاً چلانے، ادارے قائم کرنے، محکموں کو فعال بنانے، مالیاتی نظام مرتب کرنے اور روزمرہ حکومتی امور کو رواں رکھنے کی ذمہ داری انتظامی مشینری ہی نے ادا کرنی ہے، یہاں پنجاب کے موجودہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز اور مختلف محکموں کے سربراہوں کا تجربہ انتہائی اہم ہو جائے گا، انہیں صرف موجودہ نظام چلانے کے بجائے چار نئے صوبائی انتظامی ڈھانچوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اس کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس یا کمیشن قائم کیا جا سکتا ہے جس میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، الیکشن کمیشن، مالیاتی ماہرین اور تجربہ کار انتظامی افسروں کو شامل کیا جائے، یہ کمیشن پہلے سے ایک جامع روڈ میپ تیار کرے، محکموں کی تعداد، عملے کی ضرورت، اخراجات، اثاثوں اور ذمہ داریوں کا تخمینہ لگائے اور ہر صوبے کے لیے ابتدائی انتظامی خاکہ مرتب کرے،یہ کام محض فائلوں پر نہیں ہونا چاہیے، ہر مجوزہ صوبے کے لیے الگ الگ انتظامی سروے ضروری ہوگا، آبادی، رقبے، وسائل، زرعی پیداوار، صنعت، شہری آبادی، تعلیمی ضروریات اور صحت کی سہولتوں کو سامنے رکھ کر یہ فیصلہ کیا جائے کہ کس صوبے کو کن محکموں، کتنے افسروں اور کس نوعیت کے اداروں کی ضرورت ہوگی، چاروں صوبوں کو ایک ہی انتظامی فارمولے میں باندھنا بھی دانش مندی نہیں ہوگی، کیونکہ ہر خطے کی ضروریات اور معاشی استعداد مختلف ہو سکتی ہے، ایک اور اہم معاملہ نئے صوبوں کے دارالحکومتوں اور سیکرٹریٹ کے قیام کا ہوگا، نئے دارالحکومت کے لیے عمارتیں، سرکاری رہائش گاہیں، دفاتر، اسمبلی ہال، وزرا اور افسروں کے لیے بنیادی سہولتیں، سرکاری گاڑیاں اور دیگر وسائل درکار ہوں گے۔
(اس حوالے سے کچھ معلومات، عبوری دور کون چلائےگا اور تجزیہ اگلے کالم میں)