لاہور :سینئر صحافی حسین نقی انتقال کر گئے، نمازِ جنازہ آج جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن میں ہوگی

لاہور (نمائندہ خصوصی) سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج اتوار دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔

حسین نقی کا شمار پاکستان کے سینئر اور بااصول صحافیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت، آزادیٔ اظہار اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے گزاری۔ ان کی صحافتی خدمات اور اصول پسندی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

جنگ نیوز کینیڈا نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت کی ہے۔جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ حسین نقی ایک عہد ساز صحافی اور حق گوئی کی روشن مثال تھے۔

انہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور صحافت کو سچائی، جرأت اور عوامی حقوق کی آواز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا انتقال صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، ان کی خدمات اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اشرف خان لودھی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ آمین۔