ڈھاکا (خبر ایجنسیاں) بنگلادیش نے بھارت پر ملک میں بدامنی اور فسادات کو ہوا دینے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تشدد اور انتشار پھیلانے والے عناصر بھارتی پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
بنگلادیشی قیادت نے الزام لگایا ہے کہ بھارت سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ اور اس کی طلبہ تنظیم چھاترا لیگ کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
نیشنل سٹیزن پارٹی کے رہنما حسنت عبداللہ نے الزام عائد کیا کہ بھارت عوامی لیگ اور چھاترا لیگ کو بنگلادیش کے خلاف پراکسی جنگ کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں موجود عوامی لیگ کے کارکنوں کو پناہ اور تربیت دی جا رہی ہے اور وہ سرحد پار آکر پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم طارق رحمان نے بھی عوامی لیگ کے رہنماؤں پر ملک کے خلاف سازش کرنے اور سرحد پار موجود اپنے سرپرستوں کو خوش کرنے کے لیے بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔
بنگلادیش میں حالیہ دنوں عوامی لیگ کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات، آتشزدگی اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے، جبکہ سابق عبوری سربراہ محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی آگ لگا دی گئی۔
ادھر بھارت نے وزیراعظم طارق رحمان کے الزامات پر براہ راست تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بنگلادیش کے اندرونی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا اور دونوں ملکوں کے درمیان مثبت اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے۔

