لاہور (انٹرٹینمنٹ ڈیسک)معروف پاکستانی اداکار عمران عباس نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں کام کے دوران انہیں اردو الفاظ کے تلفظ اور لہجے کے فرق کی وجہ سے مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک حالیہ گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی شوبز انڈسٹری میں اردو بولنے کے انداز میں فرق ہوتا ہے، جس کے باعث بعض الفاظ کی ادائیگی پر انہیں ہدایت دی جاتی تھی۔عمران عباس کے مطابق بعض بھارتی فنکار اردو کے حروف اور الفاظ کو ہندی لہجے کے مطابق ادا کرتے ہیں جس سے تلفظ میں واضح فرق آ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم جانثار کی شوٹنگ کے دوران بپاشا باسو کے ساتھ کام کرتے ہوئے انہیں کہا گیا کہ وہ “کے” کے بجائے “کی” بولیں، تاہم انہوں نے اپنا اصل تلفظ برقرار رکھا۔اداکار نے مزید کہا کہ فلم” اے دل ہے مشکل” کے دوران بھی اسی نوعیت کے لسانی اختلافات سامنے آئے، جہاں انوشکا شرما سمیت دیگر فنکاروں کے ساتھ بعض الفاظ کے تلفظ پر بحث ہوئی۔عمران عباس نے کہا کہ یہ فرق دراصل خطوں کی لسانی تنوع کو ظاہر کرتا ہے اور اسے منفی انداز میں نہیں بلکہ ایک ثقافتی فرق کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

