کینسر کے عارضے کا استقامت سے مقابلہ کیا، آخری لمحے تک تحریکی ذمہ داریاں نبھاتے رہے
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا گہرے رنج و غم کا اظہار
لاہور (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل، ممتاز دینی، سیاسی اور تحریکی رہنما امیرالعظیم انتقال کر گئے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انہوں نے بیماری کے باوجود آخری وقت تک جماعت اسلامی کی تنظیمی و تحریکی ذمہ داریاں انجام دیں۔
امیرالعظیم جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے تنظیمی امور، سیاسی حکمت عملی، کارکنان کی تربیت اور جماعت کے نظم کو مؤثر انداز میں چلانے میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ سادگی، اصول پسندی، فکری پختگی اور تنظیمی صلاحیت ان کی نمایاں خصوصیات تھیں۔
مرحوم کی تحریکی زندگی کا آغاز اسلامی جمعیت طلبہ سے ہوا۔ وہ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم، بعد ازاں ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان منتخب ہوئے، جبکہ پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر بھی رہے۔ جمعیت سے فراغت کے بعد انہوں نے جماعت اسلامی میں مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں، جن میں امیر جماعت اسلامی لاہور، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان اور دو مرتبہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان شامل ہیں۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، اسلامی نظام کے قیام، جمہوری جدوجہد اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے وقف کیے رکھی۔ مختلف ادوار میں جماعت اسلامی کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جبکہ ان کی تقاریر، تحریریں اور فکری رہنمائی کارکنان کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مدبر، باوقار، بااصول اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اللہ کے دین کی سربلندی، تحریک اسلامی اور پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ امیرالعظیم نے شدید علالت کے باوجود جس صبر، استقامت اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ کارکنان کے لیے روشن مثال ہے۔ بیماری ان کے حوصلے کو متزلزل نہ کر سکی، جبکہ ان کی وفاداری، اخلاص، دیانت، تنظیمی بصیرت اور تحریک سے وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امیرالعظیم کی رحلت جماعت اسلامی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم ان کی زندگی، جدوجہد اور کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
انہوں نے جماعت اسلامی کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور وابستگان سے مرحوم کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی، تنظیمی اور قومی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔

