ملتان (نمائندہ خصوصی)ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچلنے کا ملزم توقیر نذیر پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر جرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملزم پولیس کے ریمانڈ پر تھا اور فرار ہوگیا تھا۔
جرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ناردرن بائی پاس بہاولپور روڈ پر پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم توقیر اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے کہ ملزم توقیر نذیر نے گزشتہ روز گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ یتیم بچہ ملزم کے غیر انسانی رویے سے تنگ آکر اس کے ہاں مزید کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔
ملزم توقیر نذیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے بھی ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

