پشاور میں اغوا ہونے والے سرکاری افسر کے بچوں کی تلاش میں پیش رفت، گاڑی برآمد

پشاور (نامہ نگار)پشاور کے علاقے حیات آباد سے سرکاری افسر کے اغوا ہونے والے 2 بچوں کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے گریڈ 21 کے افسر اکرام اللہ خان کی گاڑی کوہاٹ روڈ سے برآمد کرلی۔

سرکاری حکام کے مطابق اغوا کار بچوں کو لے جاتے ہوئے افسر کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے تھے۔ تفتیش کے سلسلے میں سرکاری افسر کی رہائش گاہ کے قریب واقع گھروں کی بھی تلاشی لی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کیلئے 4 ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جبکہ تفتیش میں مدد کے لیے جیو فینسنگ بھی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حیات آباد میں سرکاری افسر اکرام اللہ خان کے گھر سے ان کے 2 بچوں کو اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ حیات آباد تھانے میں درج ہے، جبکہ بچوں کی بازیابی کیلئےتحقیقات جاری ہیں۔