فرانس (رائٹرز، ایسوسی ایٹڈ پریس)فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں نینسی شہر کے قریب 20 اکتوبر کی شب فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ فرانسیسی وزارتِ دفاع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ دو نشستوں والا میراج 2000 ڈی تھا، جو رات کی تربیتی پرواز کے بعد اپنے فضائی اڈے پر واپس جا رہا تھا۔
فرانسیسی حکام کے مطابق طیارہ رات تقریباً 10 بج کر 40 منٹ پر صوبے میورتھ ایٹ موزیل کے علاقے روژے ویل کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے میں ایک جنگی پائلٹ اور ہتھیاروں کے نظام کا ایک افسر سوار تھے۔ حادثے کے بعد ایک اہلکار کی لاش مل گئی، تاہم دوسرے اہلکار کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔
فرانسیسی فضائیہ کے حکام کے مطابق طیارہ رات کے وقت تربیتی پرواز پر تھا اور واپسی کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے کا ملبہ ڈرون کی مدد سے تلاش کیا گیا، جس کے بعد پولیس، فائر بریگیڈ اور فوجی امدادی ٹیموں نے علاقے میں تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ خراب موسمی حالات کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
نینسی کے قریب فضائی اڈے کے کمانڈر کرنل لودوویک امبر نے بتایا کہ طیارے میں ایک تجربہ کار افسر اور ایک نوجوان پائلٹ سوار تھے۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت طیارہ اپنے فضائی اڈے پر واپسی کے آخری مرحلے میں تھا۔
فرانسیسی حکام نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے حفاظتی اور عدالتی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔

