شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)شیخوپورہ کے علاقے اولکھ پارک میں محکمہ صحت کی لیڈی ہیلتھ ورکر کے گھر میں کام کرنے والی 12 سالہ بچی زینب مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکر نے گھریلو ملازمہ زینب کو ڈنڈوں سے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بچی کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا شوہر اور 20 سالہ بیٹا بھی بچی پر تشدد میں ملوث تھے۔ تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکر اور اس کے بیٹے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

