ریاض (عرب میڈیا)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شاہی محل پہنچنے پر سعودی ولی عہد نے فرانسیسی صدر کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
ملاقات میں سعودی عرب اور فرانس کے درمیان تاریخی اور تزویراتی تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں سعودی عرب اور فرانس کی شراکت داری کو فروغ دینے اور علاقائی و عالمی امن، سلامتی اور استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں میں ہم آہنگی بڑھانے پر گفتگو کی۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت دیگر اعلیٰ سعودی عہدیدار بھی موجود تھے، جبکہ فرانسیسی وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی صدر میکرون کے ہمراہ شریک ہوئے۔

