راولپنڈی:سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف عبور کرکے انگلینڈ کو تاریخی شکست دے دی

راولپنڈی (ایجنسیاں)سری لنکا نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکا نے 8 وکٹیں گنوا کر 430 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم انگلینڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ انگلش کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ جو روٹ نے 69، ول جیکس نے ناقابلِ شکست 66، ٹام بیٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیاناگے اور ایستھا فرنینڈو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

430 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز مایوس کن رہا اور 23 رنز کے مجموعے پر کمنڈو مینڈس اور کپتان کوشل مینڈس پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس مشکل صورتِ حال میں اوشکا فرنینڈو اور پوون رتنانائیکے نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 166 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے سری لنکا کی جیت کی بنیاد رکھی۔ اوشکا فرنینڈو 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد داسن شناکا نے پوون رتنانائیکے کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے اسکور 323 رنز تک پہنچا دیا۔ پوون رتنانائیکے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جبکہ داسن شناکا نے 97 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ 363 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹے۔

سری لنکا کو آخری مرحلے میں جنیتھ لیاناگے کی برق رفتار بیٹنگ نے کامیابی دلائی۔ انہوں نے محض 27 گیندوں پر 61 رنز بنا کر ہدف تک رسائی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سیم کرن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پوون رتنانائیکے کو 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیموں کو اپنے ابتدائی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان نے پہلے سری لنکا کو 37 رنز سے ہرایا، جبکہ انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔