ترکیہ کے اسٹیل کارخانے میں خوفناک دھماکا، 16 ہلاک، 13 زخمی

انقرہ (رائٹرز، اے پی) ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر کے علاقے علی آغا میں لوہے اور اسٹیل کے کارخانے میں دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کابینہ اجلاس کے بعد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی عدالتی اور انتظامی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات اور کسی ممکنہ غفلت کا تعین کیا جاسکے۔

صوبائی گورنر سلیمان البان کے مطابق دھماکا حابس آئرن اینڈ اسٹیل کارخانے میں بھٹی کی تبدیلی کے کام کے دوران ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چھت پر نصب ایک بھاری کرین ٹوٹ کر برقی بھٹی میں جاگری، جس سے مواد بھٹی میں گرا اور قدرتی گیس کی پائپ لائن متاثر ہونے کے بعد دھماکا ہوگیا۔

دھماکے کے بعد کارخانے میں آگ بھڑک اٹھی اور عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش شروع کردی۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت کارخانے میں تقریباً 200 ملازمین موجود تھے۔

ترک وزیرِ انصاف نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 4 سرکاری وکلا مقرر کیے ہیں، جبکہ حکام نے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور ممکنہ حفاظتی غفلت کی جانچ کا عمل شروع کردیا ہے۔