جمائما گولڈ اسمتھ کا سابق ساتھی رسل برانڈ پر تشدد، جبر اور بدسلوکی کا الزام

لندن (دی گارڈین، دی انڈیپنڈنٹ)سابق وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے برطانوی اداکار اور کامیڈین رسل برانڈ پر تعلق کے دوران تشدد، جبر اور بدسلوکی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 2014ء میں ایک پرتشدد واقعے کے دوران انہیں رسل برانڈ کو گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس بلانا پڑی تھی۔

جمائما نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اس وقت قانونی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی معاملے کو عوامی سطح پر لائیں، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ذرائع ابلاغ کی توجہ سے ان کے نوعمر بچوں پر منفی اثر پڑے گا۔ ان کے مطابق 2014ء کے بعد سے نہ انہوں نے رسل برانڈ کو دیکھا اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ رکھا، تاہم اس واقعے کے اثرات ان کی زندگی پر طویل عرصے تک رہے۔

انہوں نے رسل برانڈ کے خلاف مقدمے میں گواہی دینے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان خواتین کی ہمت اور حوصلے سے متاثر ہیں جنہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کیے اور انصاف کے حصول کے لیے عدالت میں گواہی دی۔ جمائما کا کہنا تھا کہ انہوں نے رسل برانڈ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرنے والے صحافیوں کی کئی برس تک معاونت بھی کی اور ضرورت پڑنے پر خود بھی عدالت میں گواہی دینے کے لیے تیار تھیں۔

جمائما نے اپنے بیان میں ایک مساج تھراپسٹ سلویا برکی سے متعلق 2015ء کے عدالتی حکم کی وضاحت بھی کی۔ ان کے مطابق جون 2014ء میں برکی ان کے گھر رسل برانڈ کو مساج دینے آئی تھیں، اس دوران وہ خود بھی وہاں موجود تھیں اور انہوں نے کوئی نامناسب بات نہیں دیکھی تھی۔ بعدازاں برکی کی جانب سے ہراساں کیے جانے اور اہلِ خانہ کو نشانہ بنانے کے الزامات کے بعد انہوں نے رسل برانڈ کے وکیل کی تجویز پر ہراسانی روکنے کے عدالتی حکم کی حمایت کی تھی۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے 9 نومبر کو رسل برانڈ کو ایک خاتون کے ساتھ زیادتی اور تین دیگر خواتین کے ساتھ جنسی حملوں کے جرائم میں ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی۔ وہ 2004ء سے 2009ء کے دوران پیش آنے والے ان چار جرائم میں مجرم قرار پائے تھے، جبکہ دیگر تین الزامات میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

جمائما نے کہا کہ انہیں اطمینان ہے کہ رسل برانڈ کو بالآخر اپنے جرائم پر انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔