دبئی (گلف نیوز) متحدہ عرب امارات میں 5 سالہ بچی کی ویڈیو والدین کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر خاتون کو ایک ماہ قید اور سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
گلف نیوز کے مطابق خاتون نے ایک خاندانی تقریب کے دوران اپنی کم عمر رشتے دار لڑکی کی ویڈیو بنائی تھی، جس میں وہ ایک کھانے کا نام غلط ادا کررہی تھی اور اس پر وہاں موجود افراد ہنس رہے تھے۔ خاتون نے یہ ویڈیو اپنے عوامی اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ پر شیئر کردی، جسے بعدازاں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی پھیلا دیا گیا اور اسے 11 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔
بچی کے والد نے سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھنے کے بعد اپنی بیٹی کی شناخت اور نجی زندگی کے تحفظ سے متعلق خدشات کا اظہار کیا اور حکام سے شکایت کردی۔
تحقیقات کے بعد خاتون کے خلاف بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز اجازت کے بغیر انٹرنیٹ پر شائع کرنے اور ایسے مواد کے ذریعے کم عمر بچے کو تضحیک یا نفسیاتی نقصان کے خطرے سے دوچار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ مقدمے میں متحدہ عرب امارات کے سائبر جرائم سے متعلق قانون اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے قانون، المعروف قانونِ ودیمہ، کی دفعات شامل کی گئیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران خاتون نے ویڈیو بنانے اور اسنیپ چیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا اعتراف کیا، تاہم اس بات سے انکار کیا کہ اس کا مقصد بچی کا مذاق اڑانا یا اسے ہراساں کرنا تھا۔ اس نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا اکاؤنٹ عوامی تھا اور ویڈیو کا مزید پھیلاؤ اس کے اختیار سے باہر تھا۔
تاہم عدالت نے پولیس رپورٹ، دیگر شواہد اور خاتون کے اعتراف کی بنیاد پر اسے ذمہ دار قرار دیا اور ایک ماہ قید کے بعد ملک بدری کی سزا سنادی۔
قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بچوں کی ویڈیوز یا تصاویر بنانے کی اجازت ملنے کا مطلب انہیں عوامی سطح پر شائع کرنے کی اجازت نہیں ہوتا۔ ایسے مواد کو آگے بھیجنے یا دوبارہ شیئر کرنے والے افراد بھی اپنے کردار کے مطابق قانونی کارروائی کا سامنا کرسکتے ہیں۔

