صوبوں کا نقشہ بدلے گا یا عوام کی تقدیر؟

جس ملک میں ایک ماں کو اپنے بیمار بچے کیلئےدوا نہ ملے، کروڑوں بچے اسکولوں سے باہر ہوں، نوجوان ڈگریاں لیے روزگار کی تلاش میں بھٹکتے ہوں اور لاکھوں گھرانے صاف پانی سے محروم ہوں، وہاں صوبائی سرحدوں کا سوال ثانوی ہو جاتا ہے۔ عوام کا اصل سوال ہے کہ ان کی زندگی کب بدلے گی؟ بدقسمتی سے نئے صوبوں پر جاری بحث میں یہی سوال سب سے کم سنائی دیتا ہے۔ سیاستدان نئی لکیریں کھینچنے یا سرحدیں بچانے میں الجھے ہیں، جبکہ عوام روزمرہ مسائل سے نبرد آزما ہیں۔

کراچی پریس کلب میں بلاول بھٹو زرداری کے 17 نومبر کے خطاب نے اس بحث کو تیز کر دیا۔ انہوں نے سندھ کی جبری تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے آئینی طریقۂ کار اور عوامی خواہشات کی اہمیت پر زور دیا۔ نئے صوبوں کے حامی کہتے ہیں کہ بڑے صوبوں میں پسماندہ علاقوں کی آواز فیصلہ سازی تک نہیں پہنچتی۔ دونوں مؤقف قابلِ غور ہیں، مگر اصل سوال یہ ہے کہ کون سا ڈھانچہ شہریوں کو بہتر سہولتیں، مواقع اور وسائل میں منصفانہ حصہ دے سکتا ہے؟

نیا صوبہ بننے سے دارالحکومت قریب اور انتظامی فاصلے کم ہو سکتے ہیں مگر کیا نئے گورنر ہاؤس، اسمبلی اور سیکرٹریٹ سے تعلیم، صحت، روزگار اور مہنگائی کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے؟ اگر اختیارات نئے دفاتر تک محدود رہیں تو محرومی صرف اپنا پتہ بدلے گی، حالات نہیں۔ اس فیصلے سے پہلے جانچنا ضروری ہے کہ شہری کو ضلع میں زمین کے ریکارڈ، دستاویزات اور شکایات کے ازالے کے لیے کتنا سفر اور انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اسلئے نئے صوبوں کو نہ جادوئی حل سمجھنا چاہیے، نہ یہ تجویز یکسر مسترد کرنی چاہیے۔

صوبائی حدود کا دفاع بھی محض تاریخ اور شناخت تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ہر صوبے کے شہری، دیہی اور دورافتادہ علاقوں کی ضروریات اور ترقی کے مواقع یکساں نہیں۔ شناخت کا احترام بجا، لیکن اس کے ساتھ بنیادی سہولتوں کی فراہمی بھی ضروری ہے۔ نئے صوبوں کی مخالفت کرنے والے بتائیں کہ موجودہ نظام میں محروم علاقوں کو اختیارات اور وسائل میں جائز حصہ کیسے ملے گا۔

اس مسئلے کا ایک حل آئین میں موجود ہے۔ آرٹیکل 140 اے صوبوں کو پابند کرتا ہے کہ منتخب مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کریں۔ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق سے صوبوں کو اختیارات اور وسائل ملے، لیکن ان کی نچلی سطح تک منتقلی مؤثر نہیں رہی۔ عالمی بینک کی جولائی 2026 کی رپورٹ کے مطابق مجموعی حکومتی اخراجات میں مقامی حکومتوں کا حصہ 2005 میں تقریباً 10 فیصد تھا، جو 2024 میں 5 فیصد سے بھی کم رہ گیا۔ یہ اعدادوشمار وسائل کے ارتکاز کی تصویر پیش کرتے ہیں۔

آخر پانی، نکاسی آب اور صفائی جیسے مسائل کے لیے شہری صوبائی دارالحکومت کی طرف کیوں دیکھے؟ بلدیاتی اداروں کو اختیارات، مستقل وسائل، تربیت یافتہ عملہ اور واضح ذمہ داریاں ملیں تو بہت سے مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکتے ہیں۔ صوبائی حکومتیں پالیسی بنائیں، وسائل منصفانہ بانٹیں اور نگرانی کریں؛ مقامی نمائندے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ذمہ دار ہوں۔ اس طرح شہری کو معلوم ہوگا کہ شکایت کس سے کرنی ہے۔

اس مقصد کے لیے صوبائی مالیاتی کمیشنوں کو مؤثر بنایا جائے تاکہ اضلاع میں رقوم آبادی، غربت اور پسماندگی کی بنیاد پر تقسیم ہوں۔ ہر ضلع کی سالانہ کارکردگی عوام کے سامنے آئے: کتنے اسکول فعال ہیں، اسپتالوں میں ادویات کتنی دستیاب ہیں اور ترقیاتی رقم کہاں خرچ ہوئی؟ منصوبوں کی مدت، ذمہ دار اداروں اور مالی حسابات کی تفصیلات بھی عام ہوں۔ یہ معلومات سادہ زبان میں مقامی سطح تک پہنچائی جائیں تاکہ شہری سوال اٹھا سکیں اور متعلقہ ادارے جواب دہ ہوں۔ ہر سال ضلعی سطح پر کھلی عوامی نشست ہو جہاں منتخب نمائندے اور افسران اخراجات اور تاخیر کی وضاحت کریں۔ شکایات کے جواب کی مدت مقرر ہو اور فیصلوں کا ریکارڈ عام لوگوں کو آسانی سے دستیاب ہو۔ یہ اصلاحات نئے صوبوں کے قیام کا انتظار کیے بغیر شروع کی جا سکتی ہیں۔

دوسری طرف نئے صوبوں کے حامی قابلِ عمل منصوبہ پیش کریں۔ نئے اداروں پر اخراجات کتنے ہوں گے؟ آمدنی، قرضے، ملازمتیں، پانی اور دیگر وسائل کیسے تقسیم ہوں گے؟ اگلے 5 برسوں میں عوام کو کیا فائدہ ملے گا؟ آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت صوبائی حدود میں تبدیلی کیلئے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کی منظوری ضروری ہے۔ لہٰذا ریفرنڈم یا سیاسی اعلان آئینی تقاضوں کا متبادل نہیں۔ مجوزہ سرحدوں کے دونوں جانب آباد لوگوں کے لسانی، ثقافتی اور معاشی تعلقات کا احترام بھی ضروری ہے۔ فیصلہ عوامی مشاورت، آئینی تقاضوں اور متوقع فوائد کی بنیاد پر ہو، نہ کہ سیاسی مصلحتوں پر۔

خیبر پختونخوا خصوصی توجہ چاہتا ہے۔ 11 اکتوبر کو وہاں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا گیا جسے وفاقی حکومت نے سلامتی اور انتظامی صورتِ حال سے منسلک کیا، جبکہ اس پر آئینی اور سیاسی اعتراضات بھی ہوئے۔ لیکن شہری کے لیے پہلا سوال امن ہے: بازار کب محفوظ ہوں گے، بچے بے خوف اسکول کب جائینگے، متاثرہ خاندان معمول کی زندگی میں کب لوٹیں گے؟ غیر معمولی اقدامات کا جائزہ بھی نتائج اور شہری حقوق کے تحفظ کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔ حکومت اپنے اہداف اور پیش رفت واضح کرے تاکہ بے یقینی کم ہو۔

بلوچستان میں بھی نئی انتظامی حدود محرومیوں کا مکمل علاج نہیں۔ امن کے ساتھ مقامی آبادی کی شمولیت، بنیادی سہولتیں، روزگار اور قدرتی وسائل کے فوائد میں منصفانہ حصہ ضروری ہے۔ بڑے منصوبوں کی کامیابی تب ثابت ہوگی جب آس پاس بسنے والوں کی زندگی بدلے گی۔نوجوانوں، خواتین اور مقامی برادریوں کی مشاورت رسمی ملاقات نہ ہو؛ ترجیحات انہی لوگوں کے ساتھ طے ہوں جن کی زندگیوں پر فیصلے اثرانداز ہوں گے۔ ریاست کی موجودگی صرف دفاتر اور سکیورٹی چوکیوں سے نہیں، فعال اسکولوں اور اسپتالوں سے بھی محسوس ہونی چاہیے۔

پاکستان کو سیاسی نعروں سے زیادہ واضح ترجیحات درکار ہیں۔ حکومتوں کی کارکردگی افتتاحی تقریبات یا بڑے اعلانات سے نہیں، نتائج سے جانچی جائے۔ ہر علاقے کے شہری کو معلوم ہو کہ مسئلہ حل کرنے کا ذمہ دار ادارہ کون ہے، مدت کیا ہے اور ناکامی پر جواب کون دے گا۔ وسائل اور کارکردگی کی شفاف نگرانی ہی عوامی اعتماد بڑھا سکتی ہے۔

اصل مسئلہ صوبوں کی تعداد نہیں، حکمرانی کی ترجیحات ہیں۔ اگر عوامی مسائل کے حل کا واضح منصوبہ نہ بنا تو خدشہ ہے کہ نئے صوبوں سے بااثر سیاسی خاندانوں اور شخصیات میں سے مزید گورنر، وزرائے اعلیٰ، وزرا اور مشیر اقتدار میں حصہ دار بن جائیں گے۔ عہدوں، دفاتر اور مراعات میں اضافہ ہوگا، لیکن عام آدمی کی محرومیاں باقی رہیں گی۔ کیا اسی تبدیلی کے لیے نئے صوبوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے؟

فیصلہ حکمرانوں کو کرنا ہے: وہ پاکستان کا نقشہ بدلنا چاہتے ہیں یا پاکستانیوں کی تقدیر؟