فیصل آباد میں منشیات سپلائی کا معاملہ، ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار برطرف

فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد میں پولیس اہلکار کے منشیات سپلائی کے معاملے پر محکمانہ انکوائری کے بعد ایس ایچ او گلبرگ سمیت 6 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق گلبرگ تھانے میں تعینات کانسٹیبل کاشف سے منشیات برآمد ہونے کے معاملے کی ابتدائی محکمانہ انکوائری ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک نے مکمل کی، جس میں 6 اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔

برطرف کیے جانے والوں میں گلبرگ تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالقیوم غفار، محرر ترسیم، سب انسپکٹر محمد علی، اسسٹنٹ سب انسپکٹر سہیل اور کانسٹیبل محبوب اور کاشف شامل ہیں۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مکمل ہونے پر تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے کہا ہے کہ اختیارات سے تجاوز کرنے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمہ پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت احتسابی کارروائی جاری رہے گی اور ایسے طرزِ عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔