لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ملک گیر کال پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں یوم سیاہ منایا گیا اور آزادی صحافت کے حق میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ صحافیوں نے 3 نومبر 2007ء کی ایمرجنسی، پیکا جیسے قوانین، میڈیا اداروں میں کارکنوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سیاہ پرچم لہرائے۔
اس موقع پر صحافتی قیادت نے ملک کے کسی بھی حصے میں ایمرجنسی کے نفاذ کو غیر جمہوری اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عوام کی منتخب قیادت اور اسمبلیوں پر اعتماد کیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں نافذ ایمرجنسی اور گورنر راج فوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے احتجاجی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا میڈیا اور صحافی اس وقت مشکل ترین حالات میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ ایک طرف حکومت نے پیکا جیسے قوانین نافذ کر رکھے ہیں اور اب تک 500 سے زائد صحافیوں کیخلاف اس قانون کے تحت مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، جبکہ دوسری جانب میڈیا مالکان بروقت تنخواہیں اور واجبات ادا نہیں کر رہے۔ صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور چھانٹیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ارشد انصاری نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے صحافیوں کے مسائل حل نہ کیے تو ملک بھر کے صحافی بلوچستان سے کراچی اور ملتان سے لاہور ہوتے ہوئے اسلام آباد تک لانگ مارچ کریں گے اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت میڈیا اداروں کو اربوں روپے کے اشتہارات کی ادائیگیوں کا آڈٹ کرائے اور ان اداروں کے خلاف کارروائی کرے جو اپنے کارکنوں کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کرتے یا انہیں ملازمتوں سے فارغ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے میڈیا اداروں کے اشتہارات کی ادائیگیاں روک دی جائیں۔
احتجاجی کیمپ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، ارکان ایف ای سی شفیق اعوان، اعجاز مقبول، رانا شفیق پسروری، صدر پنجاب اسمبلی پریس گیلری خواجہ نصیر، فیڈرل کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پنجاب کی تمثیلہ چشتی، ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹس لاہور کے صدر وسیم نیاز اور جنرل سیکرٹری عمران شیخ شریک ہوئے۔

اس موقع پرسابق صدر پی یوجے دین محمد درد،وسیم فاروق شاہد، سمیت سینئر صحافی ستار خان، شیر علی خالطی، صلاح الدین بٹ، زاہد عابد، ظہیر شہزاد،سالک نواز، جواد حسن گل، جمال احمد، سید عتیق شاہ، ارشد علی، عطیہ زیدی، اللہ رکھا بٹ، اے آر گل، ریاض بھٹی،صداقت مغل، پرویز الطاف، وسیم سردار، محمد علی، عارف چودھری، جاوید اقبال، بابر شاہ، روحیل اکبر، قیصر مغل، محبوب عالم، کامران مغل، خالد امین، محمد علی جٹ، تنویر احمد، محمود شیرازی،اعتزاز ابراہیم،عاطف خاکوانی ندیم شیخ، نیاز بالم، محسن بلال، حامد نواز،جاوید ہاشمی،رانا شہزاد، شہزاد ملک،رانا خالد قمر، مدثر خان، ارشد چودھری، خالد منصور، سید شاکر علی شاہ،قاسم علی، رانا نایاب، حارث مرغوب سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرے کے اختتام پر شرکا نے آزادی صحافت کے تحفظ، صحافیوں کے معاشی حقوق اور میڈیا کارکنوں کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبات دہراتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

