خیبر پختونخوا میں سیاسی و غیر مجاز افراد سے 42 سرکاری گاڑیاں واپس لے لی گئیں

پشاور (این این آئی) خیبر پختونخوا حکومت نے سیاسی شخصیات اور دیگر غیر مجاز افراد کے زیرِ استعمال محکمہ مواصلات و تعمیرات کی 42 سرکاری گاڑیاں واپس حاصل کرلیں جبکہ مزید 15 گاڑیوں کا سراغ نہیں مل سکا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات کی غائب گاڑیوں کی تلاش جاری ہے۔ ان میں سے ایک گاڑی اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران پکڑی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ صوبے میں محکمہ آبپاشی اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے 250 ارب روپے مالیت کے 3 بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بھی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، جبکہ قومی احتساب بیورو 155 ارب روپے مالیت کے مزید 2 منصوبوں کی تحقیقات کررہا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تمام ٹینڈرز بھی روک دیے گئے ہیں۔