ناروے کپ انڈر 15: بیٹر فیوچر بوائز کی شاندار کامیابی، Skeid کو 2-4 سے شکست

اوسلو( زنیر چوہدری سے)—ناروے میں جاری دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ایونٹ “ناروے کپ 2025” کے انڈر 15 بوائز مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم بیٹر فیوچر پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نارویجن کلب Skeid کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔

میچ کا آغاز ہی ایک ڈرامائی لمحے سے ہوا جب بیٹر فیوچر کے سیمیر کی فری کِک پر Skeid کے کھلاڑی نے خود گول کر دیا، جس سے پاکستانی ٹیم کو ابتدائی برتری حاصل ہوئی۔ اس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے زبردست ٹیم ورک اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے Skeid کی دفاعی لائن کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔

پہلے ہاف میں بیٹر فیوچر کے نوجوانوں نے ایک اور گول داغا، جبکہ Skeid نے ایک کارنر کِک پر گول کر کے اسکور 2-1 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں Skeid نے فری کِک پر دوسرا گول کیا اور مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

میچ کے آخری 8 منٹوں میں انیس نے گیند چھین کر احمد علی کو شاندار پاس دیا، جنہوں نے تیسرا گول کر کے بیٹر فیوچر کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔ برابری کی بھرپور کوشش کے دوران Skeid کے کھلاڑی نے انیس پر فاؤل کیا، جس پر بیٹر فیوچر کو پنالٹی ملی۔ پنالٹی کو بخشے نے اعتماد کے ساتھ گول میں تبدیل کر کے ٹیم کو 4-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

اس شاندار فتح کے ساتھ بیٹر فیوچر پاکستان نے ٹورنامنٹ کے راؤنڈ آف 16 میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے اس مثالی کھیل پر شائقین اور پاکستانی کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ناروے کپ میں بیٹر فیوچر کی کارکردگی نوجوان پاکستانی ٹیلنٹ کی عالمی سطح پر شناخت کی دلیل ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ ٹیم آگے بھی اسی جذبے سے کھیل کر کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں