اوسلو ( زنیر چوہدری سے) — ناروے میں جاری یوتھ فٹبال کپ میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم اور پاکستان بیٹر فیوچر فٹبال ٹیموں نے انڈر 15 اور انڈر 17 کیٹیگریز میں مسلسل فتوحات حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی برتری ثابت کر دی، جبکہ گرلز ٹیم نے بھی جاندار کھیل پیش کر کے میچ برابر کیا۔
انڈر 15 کیٹیگری میں پاکستان بیٹر فیوچر بوائز ٹیم نے برگن نورڈ کو تین صفر سے شکست دے دی۔ احمد علی نے پہلے ہاف میں شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد محمد رفاعی نے دوسرا اور انتال نے تیسرا گول اسکور کر کے ٹیم کو ناقابلِ شکست مقام تک پہنچایا۔ پورے میچ کے دوران بیٹر فیوچر نے مخالف ٹیم پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔
دوسری جانب بیٹر فیوچر گرلز ٹیم نے انڈر 15 کیٹیگری میں سند سپورٹس کلب کے خلاف میچ کھیلا۔ ابتدا میں گول کھانے کے باوجود پاکستانی لڑکیوں نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ دیر قبل ایک زبردست گول داغ کر مقابلہ برابر کر دیا۔ دوسرا ہاف بھی سنسنی خیز رہا تاہم کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، اور میچ 1-1 پر ختم ہوا۔ بیٹر فیوچر گرلز کی دلیرانہ کارکردگی نے شائقین کو بے حد متاثر کیا۔
انڈر 17 کیٹیگری میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نے روستاد راسک اسپورٹس کلب کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے باآسانی شکست دے دی۔ شاندار پاسنگ، بھرپور اٹیک اور منظم ڈیفنس نے پاکستانی ٹیم کو برتری دلائی۔تینوں پاکستانی ٹیمیں کل اپنا آخری گروپ میچ کھیلیں گی، جہاں ان کی جیت ان کی سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

