نیوکاسل یونائیٹڈ کے لیجنڈ نولبرٹو سولانو آئندہ ماہ پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

لاہور(اسپورٹس ڈیسک) – پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اعلان کیا ہے کہ نیوکاسل یونائیٹڈ کے سابق اسٹار فٹبالر اور پیرو کے لیجنڈ وِنگر نولبرٹو سولانو آئندہ ماہ پاکستان کی سینئر اور انڈر-23 فٹبال ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق یہ تقرری نئی منتخب ہونے والی پی ایف ایف قیادت کا پہلا نمایاں قدم ہے۔ پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ نولبرٹو سولانو پاکستان کی قومی ٹیم میں نئی توانائی، جوش اور کھیل کا نیا انداز متعارف کروائیں گے۔

محسن گیلانی نے مزید کہا، “وہ ٹیم کو ایک نیا جذبہ دیں گے، اور ان کا پیرو کی قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر 7 سالہ تجربہ ہمارے لئےقیمتی ہوگا۔”

نولبرٹو سولانو نے پیرو کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ریکارڈو گاریسا کے اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، جس دوران پیرو نے 36 سال بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ 2018 کے لیے کوالیفائی کیا۔ وہ انڈر-23 ٹیم کے کوچ بھی رہے، تاہم 2022 میں قطر ورلڈ کپ کے پلے آف میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد یہ سفر اختتام کو پہنچا۔

سولانو بعد ازاں یورپ میں کوچنگ کے تجربات سے گزرے، جن میں سوئیڈن کے دوسرے درجے کے کلب اے ایف سی ایسکل اسٹونا اور انگلینڈ کے ساتویں درجے کے کلب بلیتھ اسپارٹنز شامل ہیں۔ تاہم، ان دونوں میں ان کی کوچنگ مدت زیادہ کامیاب نہ رہی، خاص طور پر بلیتھ اسپارٹنز سے صرف 6 میچز بعد ہی انہیں برطرف کر دیا گیا۔

پاکستان کے ساتھ یہ تقرری نولبرٹو سولانو کیلئے اپنے کوچنگ کیریئر کی نئی شروعات ہوگی۔ ان کا پہلا امتحان ستمبر میں ہوگا، جب وہ انڈر-23 ٹیم کو 2026 اے ایف سی انڈر-23 ایشین کپ کوالیفائرز کیلئے تیار کرینگے، جہاں پاکستان کو گروپ ’جی‘ میں کمبوڈیا، عراق اور عمان جیسی ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا۔

سولانو، اسٹیفن کونسٹنٹائن کی جگہ لیں گے، جنہوں نے گزشتہ سال پاکستان کو ورلڈ کپ کوالیفائر میں تاریخ ساز فتح دلائی تھی۔ سولانو اب پاکستان کی سینئر ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 2027 اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے بقیہ میچز کی نگرانی کریں گے، جن کا آغاز اکتوبر میں افغانستان کے خلاف 2 میچز سے ہوگا۔

اسٹیفن کونسٹنٹائن کا ایک سالہ معاہدہ نومبر 2023 میں ختم ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ میچ بہ میچ معاہدے پر ٹیم کے ساتھ منسلک رہے۔ ذرائع کے مطابق اب وہ بھارت کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے امیدوار ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں