ہیڈنگلے، لیڈز ( نمائندہ خصوصی)انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 49 رنز سے شکست دے دی۔ کامران اکمل کی سنچری اور بولرز کی نپی تلی باؤلنگ فتح کا باعث بنی۔
ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان چیمپئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ اوپنر کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کا بھرپور ساتھ کپتان محمد حفیظ نے 23 اور شرجیل خان نے 21 رنز بنا کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوائن براوو، ایشلے نرس، کیرن پولارڈ اور دیو محمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز کی ٹیم 151 رنز تک محدود رہی اور 7 وکٹوں پر ہدف حاصل نہ کر سکی۔ ان کی جانب سے چیڈویک والٹن 42، جبکہ ولیم پیرکنز اور ڈیوائن براوو نے 30، 30 رنز بنائے۔
پاکستان چیمپئنز کے باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رومان رئیس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سہیل تنویر اور عامر یامین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کو شکست دی تھی، جبکہ بھارت نے دوسرے میچ میں میدان میں اترنے سے انکار کر کے بائیکاٹ کیا۔ تیسرے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے ہرایا تھا۔
پاکستان چیمپئنز کی مسلسل تین فتوحات نے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں اور ایونٹ میں ان کی پوزیشن مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ اور بولرز کی کارکردگی نے ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ پاکستان اگلے میچز میں بھی اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئےپُرعزم ہے۔

