لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آئرلینڈ کیلئے خواتین کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی ویمنز ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جبکہ سیریز 6 سے 10 اگست تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آئرلینڈ کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کیلئےاسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کپتانی نوجوان آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو سونپی گئی ہے۔
ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ کا انتخاب ویمنز اسکلز کیمپ میں شریک 24 کھلاڑیوں میں سے کیا، جس میں انڈر 19 ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ایمان فاطمہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی درج ذیل ہیں.عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزا، منیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن، وحیدہ اختر اور کپتان فاطمہ ثنا۔
قومی ویمنز ٹیم سیریز سے قبل کراچی میں پری سیریز ٹریننگ کیمپ میں شرکت کرے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کی خواتین ٹیموں کے درمیان یہ تین میچز 6 سے 10 اگست کے دوران ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔

