پشاور(بیورورپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی کے ٹرائلز میں منتخب ہونے والے 9 نوجوان کرکٹرز کو کویت کرکٹ ٹیم کی جانب سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا، ساتھ ہی روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔
پشاور زلمی اور کویت کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے شروع کیے گئے ایکسچیینج پروگرام کے تحت پشاور زلمی کے حالیہ ٹرائلز میں منتخب 9 نوجوان کھلاڑیوں کو خلیجی ریاست کویت میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ انہیں روزگار بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ مالی طور پر بھی مستحکم ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق ان خوش قسمت نوجوان کھلاڑیوں میں عبدالرؤف، محمد ہارون، ہارون رشید، حسیب خان، جہانزیب خان، عبداللہ، محمد سلمان، ثاقب خان اور شوریم علی خان شامل ہیں۔
پشاور زلمی کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرائلز رواں برس کے آغاز میں ارباب نیاز اسٹیڈیم اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئے تھے، جن میں خیبر پختونخوا سے ہزاروں نوجوانوں نے حصہ لیا۔
فرنچائز کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی نوجوان کرکٹرز کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ زلمی ٹیلنٹ ہنٹ جیسے پروگرام نہ صرف مقامی نوجوانوں کے لیے راہیں ہموار کرتے ہیں بلکہ “گلوبل زلمی” کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو بھی ایک پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔

