ڈیلٹا ایئر لائنز کا نظام متاثر، امریکا بھر میں 1400 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار

اٹلانٹا (خبر ایجنسیاں) امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے اہم خودکار نظام میں خرابی کے باعث امریکا بھر میں 1400 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں، جبکہ درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ خرابی کے باعث عملے کو طیاروں کے وزن اور توازن کا حساب خود کرنا پڑا، جس سے پروازوں کی روانگی کا عمل سست ہوگیا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کے اس نظام میں خرابی اتوار 22 نومبر کو سامنے آئی، جس کے بعد کمپنی نے پروازوں کی روانگی کے لیے متبادل دستی طریقہ کار اختیار کیا۔ یہ نظام پرواز سے قبل مسافروں، سامان، ایندھن اور دیگر وزن کی بنیاد پر طیارے کا توازن اور محفوظ پرواز کے لیے ضروری حسابات تیار کرتا ہے۔

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے اعدادوشمار کے مطابق دوپہر تک ڈیلٹا کی تقریباً 42 فیصد پروازیں تاخیر کا شکار ہوچکی تھیں، جبکہ 33 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ہوائی اڈے پر بھی بڑی تعداد میں پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔

ڈیلٹا ایئر لائنز نے کہا کہ اس کی ٹیمیں خودکار نظام بحال کرنے کے لیے کام کررہی ہیں اور اس دوران دستی طریقہ کار کے ذریعے طیاروں کو محفوظ انداز میں روانہ کیا جارہا ہے۔ امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی نے واضح کیا کہ یہ خرابی اس کے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام سے متعلق نہیں تھی۔

یہ خلل امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیلات سے قبل سامنے آیا ہے، جب بڑی تعداد میں شہری فضائی سفر کرتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے یونائیٹڈ ایئر لائنز کے نظام میں بھی خرابی کے باعث سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔