کراچی (نامہ نگار) کراچی کے علاقے لانڈھی کی مظفر آباد کالونی میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ناصر احمد نامی شخص نے اپنے سسرال پہنچ کر فائرنگ کی اور اپنی بیوی اسماء اور سالے محمد احسن کو قتل کردیا، بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس حکام کے مطابق ناصر احمد اور اسماء کی شادی تقریباً 15 سال قبل ہوئی تھی، دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے علیحدگی چل رہی تھی۔ اسماء نے خلع کے لیے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا اور وہ اپنے والدین کے گھر رہائش پذیر تھی، جبکہ اس کا شوہر شاہ لطیف ٹاؤن میں رہتا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے۔ جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔ تینوں لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کرلی اور پولیس حکام کو شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی۔

