گورنر فیصل کریم کنڈی کا بھی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا لگتا ہے:شوکت یوسفزئی

پشاور (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کا سافٹ ویئر بھی اپ ڈیٹ لگتا ہے، وہ پہلے مولانا فضل الرحمان پر الزامات لگاتے تھے، اب ان کے احترام کی بات کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ معاشی بحران کے دوران حکمران اپنے اخراجات کم کیوں نہیں کرتے؟ وزراء کے گھروں کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ کرنا دانشمندی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی درآمدی اور برآمدی پالیسی فرسودہ ہوچکی ہے اور موجودہ پالیسی ملک کی ضروریات پوری نہیں کر پا رہی، حکومتی پالیسیوں سے عوام کے بجائے مخصوص طبقہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ چینی برآمد کرنے سے ملک میں بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، ماضی میں چینی برآمد کرکے مہنگے داموں درآمد کرنا پڑی، کیا حکومت ضمانت دے سکتی ہے کہ چینی کا بحران نہیں آئے گا؟

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے، لیکن ہم وہاں سے اپنے ملک کے لیے سستی گیس نہیں لا سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبوں کے قیام سے ملک کمزور نہیں ہوگا، تحریک انصاف نے کبھی نئے صوبوں کی مخالفت نہیں کی۔ صوبوں کے قیام پر پارٹی کا مؤقف واضح اور اصولی ہے، صوبوں کی بات کرنے والا بانی پی ٹی آئی سے براہ راست بات کرے، چھوٹے انتظامی یونٹس سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔