صنعاء (رائٹرز، الجزیرہ) یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے حامی جنوبی مسلح دستوں نے بحیرہ احمر کے اہم بحری راستے آبنائے باب المندب کے قریب واقع علاقوں سے اپنی فوجیں واپس بلانے اور عدن کی جانب منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد اس علاقے میں حوثی ملیشیا کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔
جنوبی مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق فوجی دستے تعز گورنری کے مغرب میں واقع ضباب ایئرپورٹ اور آبنائے باب المندب کے اطراف سے دوبارہ تعیناتی کے تحت پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عبوری دارالحکومت عدن اور اس کے نواحی علاقوں کا دفاع مضبوط بنانا، محاذوں پر فوجی پوزیشن مستحکم کرنا اور موجودہ خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔
رائٹرز کے مطابق یمنی حکومتی افواج نے اکتوبر میں حوثی ملیشیا کے قبضے سے ساحلی علاقے واپس لینے کے لیے فوجی کارروائی شروع کی تھی، تاہم حوثی جنگجوؤں کو مکمل طور پر پیچھے دھکیلنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔ ستمبر میں حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے آبنائے باب المندب کے قریب اہم مقامات پر قبضہ کرلیا تھا۔
فوجی ذرائع کے مطابق حکومتی دستے ضباب کے جنوب میں واقع علاقے السقیہ منتقل ہوگئے ہیں، تاہم وہ قریبی ساحلی علاقوں سے حوثیوں کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا نے تعز کے اطراف پہاڑی علاقوں میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے اور عدن کی جانب پیش قدمی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ تعز شہر کا محاصرہ جاری ہے، جہاں لڑائی کے باعث امدادی سامان کی رسائی اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔
آبنائے باب المندب عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے ایشیا اور یورپ کے درمیان بحری جہاز نہر سوئز کے راستے آمدورفت کرتے ہیں۔ اس علاقے میں حوثیوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے عالمی بحری تجارت اور تیل کی ترسیل کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

