آسٹریلیا کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹیم 27 رنز پر ڈھیر، ٹیسٹ کرکٹ کا دوسرا کم ترین اسکور

کنگسٹن، جمیکا ( نمائندہ خصوصی+اے پی پی) ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں صرف 27 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جو گزشتہ 70 سالوں میں ٹیسٹ کرکٹ کا دوسرا کم ترین مجموعی اسکور ہے۔

جمیکا کے سبینا پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن آسٹریلیا کے خلاف مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم تیسرے دن صرف 27 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سیریز کے اس آخری میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ مکمل کیا۔چوتھی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 7 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جن میں سے 4 کھلاڑی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ میچ اسٹارک کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ بھی تھا، جسے انہوں نے یادگار بنا دیا اور اسی کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں لینے والے آسٹریلیا کے چوتھے باؤلر بن گئے۔اس ہولناک اننگز کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے کم اسکور بنانے والی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ دو بار 30 رنز پر آل آؤٹ ہو چکی ہے، تاہم 27 رنز کا یہ مجموعہ نیا ریکارڈ قائم کر گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں