اونٹاریو لبرلز کا “اسٹاپ رِپنگ آف فینز ایکٹ”پارلیمنٹ میں پیش

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو کی اسمبلی میں آج ایجیکس سے رکنِ پارلیمان اور لبرل پارٹی کے سیاحتی، ثقافتی و کھیلوں کے امور کے نقاد روب سیرجینک (Rob Cerjanec) نے “اسٹاپ رِپنگ آف فینز ایکٹ 2025” کے نام سے بل پیش کیا ہے، جس کا مقصد لائیو ایونٹس کے ٹکٹ دوبارہ عام شہریوں کی پہنچ میں لانا ہے۔

یہ مجوزہ قانون اونٹاریو لبرل حکومت کے 2017ء کے اُس صارف تحفظ قانون کو بحال کریگاجسے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد 2019ء کے بجٹ میں منسوخ کر دیا تھا۔ اُس قانون کے تحت ٹکٹ ری سیل کی زیادہ سے زیادہ قیمت اصل قیمت سے 50 فیصد زائد مقرر کی گئی تھی، جس سے بڑے ری سیلرز کے ناجائز منافع کو محدود کیا گیا تھا۔

ایم پی پی روب سیرجینک نے کہا”ڈگ فورڈ مہنگائی کے خلاف بات تو بہت کرتے ہیں، لیکن عام اونٹیرینز کیلئے آج بھی ٹکٹ خریدنا ممکن نہیں۔ خاندانوں کو اپنے بچوں کو کنسرٹ یا گیم پر لے جانے اور راشن لینے میں سے ایک کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے۔ یہ بل منافع سے زیادہ لوگوں کو ترجیح دیتا ہے اور فورڈ کو اپنی غلطی سدھارنے کا موقع دیتا ہے۔”

اونٹاریو لبرل پارلیمانی لیڈر جان فریزر (John Fraser) نے کہا کہ حکومت کے پاس اب کوئی جواز نہیں بچا۔ “فورڈ کے الفاظ سستے ہیں، مگر ٹکٹ نہیں۔ اس نے وہ قانون ختم کیا جو انصاف اور صارفین کے تحفظ کی ضمانت دیتا تھا۔ یہ بل اسے دوسرا موقع دیتا ہے اگر وہ اس کے حق میں ووٹ دیگا تو شاید یہ اس کی سب سے اچھا ’یو ٹرن‘ ثابت ہو۔”

بل کے تحت کسی بھی ری سیل پلیٹ فارم یا فرد کو اس بات کی اجازت نہیں ہوگی کہ وہ ٹکٹ کو اصل قیمت سے 50 فیصد سے زائد پر فروخت کرے۔ اس حد میں سروس فیس شامل ہوگی مگر ٹیکسز کو خارج رکھا گیا ہے۔

لبرل رہنماؤں کے مطابق، یہ تبدیلی استحصالی قیمتوں کے رجحان کو ختم کرے گی، ری سیل مارکیٹ میں شفافیت اور منصفانہ نظام بحال کریگی اور اونٹاریو کے عوام کیلئےتفریح کو دوبارہ قابلِ استطاعت بنائیگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں