اونٹاریو لبرلز کی نئی تجویز: صوبے میں نئے گھروں پر HST ختم کرنے کی قرارداد پیش

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو لبرل پارٹی نے ایک اپوزیشن ڈے موشن کے ذریعے صوبے میں نئے گھروں پر صوبائی حصہ HST (Harmonized Sales Tax) ختم کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے، جس سے نہ صرف پہلی بار گھر خریدنے والے بلکہ تمام خریدار مستفید ہوں گے۔

قرارداد کے مطابق، ایک ملین ڈالر تک کی قیمت والے نئے گھروں (جو بنیادی رہائش کے طور پر خریدے جائیں) پر صوبائی حصہ HST مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، جب کہ 1.5 ملین ڈالر تک کی قیمت والے گھروں پر یہ رعایت تدریجی طور پر کم ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد اونٹاریو میں گھروں کی خریداری کو زیادہ قابلِ استطاعت بنانا اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

ڈاکٹر عدیل شمجی، رکنِ اسمبلی ڈان ویلی ایسٹ اور لبرل پارٹی کے ہاؤسنگ کے نقاد، نے کہا کہ یہ قرارداد فورڈ حکومت کے محدود منصوبے کے ردِ عمل میں لائی گئی ہے، جس کے تحت صرف پہلی بار گھر خریدنے والوں کو تین سال کیلئےHST چھوٹ دینے کی تجویز دی گئی تھی۔

ڈاکٹر شمجی نے کہا”ڈگ فورڈ شاید ہاؤسنگ کے شعبے میں ایک چنگاری سے مطمئن ہوں، لیکن اونٹاریو لبرلز جانتے ہیں کہ ہمیں ایک تعمیراتی دھماکے کی ضرورت ہے۔ اُن کا منصوبہ ناکافی ہے یہ نہ سپلائی میں خاطر خواہ اضافہ کرے گا، نہ اُن خاندانوں کی مدد جو گھر خریدنا چاہتے ہیں، اور نہ ہی اُن معمر شہریوں کی جو چھوٹا گھر لینا چاہتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا محدود منصوبہ تعمیراتی شعبے کے کارکنوں، سرمایہ کاروں اور بلڈرز کے اعتماد کو بحال کرنے میں بھی ناکام ہے۔

“یہ نہ یقین دلاتا ہے، نہ تحفظ دیتا ہے — نہ اُنہیں جو گھر بناتے ہیں، نہ اُنہیں جو گھر خریدنے کے خواہش مند ہیں۔ اگر آپ تعمیرات میں کام کرتے ہیں، اگر آپ ایک نوجوان خاندان ہیں جو بچوں کے لیے گھر تلاش کر رہا ہے، اگر آپ ریٹائرمنٹ کے بعد چھوٹا گھر لینا چاہتے ہیں یا اگر آپ ہاؤسنگ کمپنی ہیں جو چھانٹیوں سے بچنا چاہتی ہے — ڈگ فورڈ کا منصوبہ آپ کیلئے کچھ نہیں کرتا۔”

اونٹاریو لبرلز کے مطابق، ان کی مجوزہ پالیسی سے ایک نئے گھر کی قیمت میں 80 ہزار ڈالر تک کی فوری کمی آئے گی، جب کہ اگلے سال 40 سے 45 ہزار نئے گھروں کی تعمیر متوقع ہے۔ اس سے تعمیراتی، اسٹیل اور لکڑی کی صنعتوں میں دسیوں ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ڈاکٹر شمجی نے کہا”ہمارا منصوبہ گھر بنائے گا، روزگار پیدا کرے گا اور اونٹاریو کی معیشت کو مضبوط کرے گا۔ ابھی اقدام کرنا زیادہ سستا ہے بجائے اس کے کہ ہم ناکامی کے نتائج کا بوجھ بعد میں اٹھائیں اگر ہاؤسنگ بحران پھیل گیا، تو اُس کی قیمت اربوں میں ہوگی، اور اگر معیشت کساد بازاری میں گئی، تو اس کی ذمہ داری ڈگ فورڈ پر ہوگی۔”

انہوں نے آخر میں کہا کہ” ڈگ فورڈ کا منصوبہ بہت سے اونٹیرینز کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔ اونٹاریو لبرلز ایک حقیقی حل دے رہے ہیں — جو خاندانوں، بزرگوں اور محنت کشوں کی مدد کرے گا اور آخرکار اونٹاریو کو دوبارہ تعمیر کی راہ پر ڈالے گا۔”

اپنا تبصرہ لکھیں