ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو لبرل پارٹی نے آئندہ قیادت کے انتخاب کیلئے اراکین سے رائے لینے کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سروے صوبے بھر کے اراکین کی آراء اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ انتخابی عمل کو منصفانہ، جامع اور مؤثر بنانے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔
پارٹی کے مطابق، اراکین کی فیڈبیک سے مناظروں (Debates) کے طریقہ کار، ووٹنگ کے عمل اور انتخابی ٹائم لائن کے خدوخال طے کرنے میں مدد ملے گی۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سروے کے نتائج صرف فیصلہ سازی میں معاونت کے لیے استعمال ہوں گے، یہ نتائج غیر پابند (Non-binding) ہوں گے اور انہیں عوامی طور پر شائع نہیں کیا جائے گا۔ حتمی فیصلے اونٹاریو لبرل پارٹی کی ایگزیکٹو کونسل کرے گی۔
پارٹی کے اعلامیے کے مطابق یہ سروے جمعہ، 14 نومبر 2025 تک مکمل کیا جا سکے گا۔سروے میں مجموعی طور پر 32 سوالات شامل ہیں جو 7 حصوں پر مشتمل ہیں، جن میں سے صرف پہلے حصے کے سوالات لازمی ہیں، باقی اختیاری ہیں۔اونٹاریو لبرل پارٹی نے تمام اراکین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی رائے دے کر اس جمہوری عمل میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ قیادت کے انتخاب کا عمل پارٹی اراکین کی حقیقی ترجیحات کا عکاس بن سکے۔

