اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) پاکستان ہائی کمیشن اوٹاوا میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب منعقد کی گئی جس کا مقصد 1947 میں بھارتی افواج کے زیر قبضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی تسلط کی یاد تازہ کرنا تھا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، انسانی حقوق کے کارکنان اور کشمیری عوام کے حامیوں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ یہ دن بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط جدوجہد اور مصائب کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم / وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی سنائے گئے جن میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو دہرایا گیا۔

ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا“ہم آج یہاں اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار اور ان کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کی حمایت کیلئےجمع ہوئے ہیں۔ بھارتی قابض افواج کے مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔”
ہائی کمشنر نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرائیں اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل میں اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان کے قونصل خانوں مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں بھی یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

