لاہور :تھائی لینڈ میں ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرنے والی قومی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر والی بال ٹیم کے استقبال کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔والی بال ٹیم کے استقبال کیلئے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر نوجوان کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب ،صدر سہیل خاور میر سمیت دیگر عہدیدار بھی استقبال کیلئےموجود تھے۔ والی بال ٹیم کی وطن واپسی پر ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے حکومت کی نمائندگی کرتے ہوۓ کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پرڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم اور ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم بھی ہمراہ تھے۔قومی ہیروز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گیئں.ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ چیئرمین چودھری یعقوب کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ٹیم کے بعد انڈر 16 ٹیم کا ورلڈ کپ کیلۓ کوالیفائی کرنا ثابت کرتا ہے کہ ہمارے پاس والی بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
ڈی جی سپورٹس نے کہا انڈر 16 والی بال ٹیم نے تاریخ رقم کی ہے، پوری قوم کو والی بال ٹیم پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا فائنل میں دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دینا بڑا کارنامہ ہے،قومی ہیروز کے اعزاز میں تقریب کا انقعاد بھی کیا جائے گا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلۓ چھ لاکھ جبکہ کوچز کیلۓ دس لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

