“ایک آدھ خراب انڈا سب خراب کر دیتا ہے”پاک-بھارت میچ منسوخی پر شاہد آفریدی کا ردعمل

برمنگھم(نمائندہ خصوصی) — سابق قومی کپتان شاہد خان آفریدی نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “شائقین کرکٹ یہ بڑا مقابلہ دیکھنے کے منتظر تھے کچھ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی نے سب کچھ برباد کر دیا”۔

“جنگ نیوز کینیڈا”سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ “ماضی میں بھی کرکٹ کے ذریعے تعلقات بہتر ہوئے ہیں، اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہتر کوئی چیز نہیں، مگر ایک آدھ خراب انڈا سب کچھ خراب کر دیتا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا”اگر کسی کھلاڑی کو پاکستان کے خلاف کھیلنے پر اعتراض تھا تو وہ نہ کھیلتا، بیٹھ جاتا، کرکٹ سب سے بڑی چیز ہے، ہر چیز میں سیاست لانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید بڑھیں گے۔”

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ خود بھی انجری کا شکار ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں ویسے بھی شرکت نہیں کر پا رہے، ڈاکٹرز نے انہیں تین ماہ کا ری ہیب تجویز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگر بھارتی کھلاڑی کھیلنا نہیں چاہتے تھے تو پہلے ہی بتا دیتے، آ بھی گئے، پریکٹس بھی کر لی، اور پھر عین میچ کے دن سب کچھ بدل دیا گیا۔ یہ رویہ غیر پیشہ ورانہ اور شرمندگی کا باعث ہے۔”

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا “انگلینڈ کے خلاف ہماری جیت کے بعد ٹیم کافی پرجوش تھی اور میچ کیلئے بھی تیار تھے، 17 سے 18 ہزار شائقین کرکٹ اس میچ سے لطف اندوز ہو سکتے تھے، مگر وہ مایوس ہوئے۔”

سابق کپتان نے دعویٰ کیا کہ “کچھ بھارتی کھلاڑی میچ کھیلنے کے خواہش مند تھے، لیکن انہیں اپنے ہی ساتھیوں کے فیصلے سے مایوسی ہوئی۔ ہم انٹرٹینمنٹ کیلئے آئے تھےلیکن افسوس سب کچھ سیاست کی نذر ہو گیا۔”

واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے “پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی” کو بنیاد بنا کر میچ کھیلنے سے انکار کر دیا گیا۔ منتظمین کے مطابق شیکھر دھون، عرفان پٹھان، اور ہربھجن سنگھ سمیت دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے شرکت سے انکار کیاجس کے نتیجے میں یہ اہم مقابلہ منسوخ کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں