بھارتی کرکٹ بورڈ کی پی سی بی کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکی

چیمپئنز ٹرافی کا تنازع حل ہوا نہیں کہ بھارتی میڈیا نے پرو پیگنڈے شروع کر دیے جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پی سی بی کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکیاں دینے لگا۔

آئندہ برس پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ اب تک التوا کا شکار ہے۔ پاکستان کے فیوژن فارمولے پر آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے اب تک جواب نہیں دیا ہے لیکن بھارتی میڈیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے پرو پیگنڈا شروع کر دیا ہے۔

چیمپئنر ٹرافی پر ڈیڈلاگ برقرار ہونے اور پاکستان کے اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہ ہٹنے پر بھارتی میڈیا اب ڈبل گیم کھیلنے لگا ہے۔بھارتی میڈیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 پر بھی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے اور پاکستان کو ڈرانے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی دھمکیاں دی جانے لگی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیش کردہ فیوژن ماڈل پر راضی ہے اور 2026 کے ورلڈ کپ میں پاکستان سے گروپ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا تاہم گرین شرٹس کے سیمی فائنل یا فائنل پہنچنے کی صورت میں یہ ناک آؤٹ میچز بھارت میں ہی ہوں گے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچا تو اسے ناک آؤٹ میچز بھارت میں کھیلنا ہوں گے۔ پاکستان بھارت میں آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرے گا تو اسے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ہٹ دھرمی کا توڑ کرتے ہوئے آئی سی سی میٹنگ میں فیوژن ماڈل پیش کیا تھا۔ اس ماڈل کے مطابق تین سال تک پاکستان بھارت میں کوئی میچ نہیں کھیلے گا اور پاکستان اب بھی اپنے موقف پر قائم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں