بھارت کو بڑا دھچکا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ تینوں فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کو سونپ دی گئی

سنگاپور(اسپورٹس ڈیسک) — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کی شدید خواہش کے باوجود آئندہ تین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز 2027، 2029 اور 2031 کی میزبانی کے حقوق ایک بار پھر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کو دے دیے، جسے کرکٹ ماہرین بھارت کیلئےبڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔

یہ فیصلہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران سنگاپور میں کیا گیا، جہاں بورڈ نے حالیہ فائنل کی کامیاب میزبانی کو بنیاد بناتے ہوئے آئندہ تین ایڈیشنز کی میزبانی بھی انگلینڈ کو دینے کی توثیق کی۔ انگلینڈ کی سہولیات، موسم، نیوٹرل مقام کی حیثیت اور شائقین کی بڑی تعداد نے اس فیصلے کو تقویت دی۔

بی سی سی آئی نے بھرپور کوشش کی کہ کم از کم ایک فائنل بھارت میں منعقد ہو، مگر آئی سی سی نے نیوٹرل وینیو کے اصول کو برقرار رکھتے ہوئے یہ درخواست مسترد کر دی۔

افغان خواتین کرکٹرز کیلئے خصوصی پروگرام

اجلاس میں افغان نژاد بے گھر خواتین کرکٹرز کی معاونت سے متعلق پروگرام پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت ان کھلاڑیوں کو اعلیٰ کارکردگی پر مبنی تربیتی مواقع، مقامی لیگز میں شرکت، اور آئی سی سی ایونٹس میں شمولیت کیلئے تیار کیا جائیگا۔

یو ایس اے کرکٹ اب بھی نوٹس پر

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق یو ایس اے کرکٹ کو اب بھی نوٹس پر رکھا گیا ہے۔ کونسل نے اعادہ کیا کہ امریکہ کو تین ماہ کے اندر جامع گورننس اصلاحات کے تحت شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کرانے ہوں گے، ورنہ مزید کارروائی کی جا سکتی ہے۔

دو نئے رکن ممالک شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مزید دو ممالک کو ایسوسی ایٹ رکنیت دے دی ہے جن میں مشرقی تیمور کرکٹ فیڈریشن اور زامبیا کرکٹ یونین شامل ہیں۔ اس توسیع کے بعد آئی سی سی کے کل رکن ممالک کی تعداد بڑھ کر 110 ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں