تعمیراتی صنعت کی سب سے بڑی قومی نمائش “بِلڈ پاکستان” کا لاہور میں آغاز

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ
کے ہمراہ صوبائی وزیرِ قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے نمائش کا افتتاح کیا

تعمیراتی صنعت کی سب سے بڑی قومی نمائش و کانفرنس “بِلڈ پاکستان لیٹس بِلڈ ٹوگیدر” کا ایکسپو سینٹر لاہور میں شاندار آغاز ہو گیا۔ تین روزہ ایونٹ فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام اور وزارتِ ہاو ¿سنگ اینڈ ورکس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کے ہمراہ صوبائی وزیرِ قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے نمائش کا مشترکہ افتتاح کیا۔ دونوں وزرائ نے فیتہ کاٹ کر ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کیا اور فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، جہاں جدید تعمیراتی منصوبے، مشینری، ڈیزائن ماڈلز اور سمارٹ سٹی کنسیپٹس پیش کیے جا رہے ہیں۔ نمائش میں 100 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جو ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر اور شہری ترقی کے شعبوں میں اپنی جدید ٹیکنالوجیز، خدمات اور پائیدار تعمیراتی حل پیش کر رہی ہیں۔ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد تعمیراتی صنعت کے ذریعے سرمایہ کاری، اختراع اور پائیدار ترقی کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مستحکم بنانا اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ تعمیراتی صنعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی ترقی کا ضامن ہے۔ بِلڈ پاکستان جیسے اقدامات پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے ذریعے ایسے منصوبے تشکیل دے رہے ہیں جو شمولیتی اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کم آمدن والے طبقے کے لیے معیاری اور سستی رہائش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق، منصوبہ بندی اور ماحول دوست پالیسیوں کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ہم جدید شہروں کے ماڈلز سے سیکھ کر اسلام آباد اور دیگر شہری مراکز میں پائیدار منصوبے متعارف کروا رہے ہیں۔ نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں، وہی پاکستان کے ترقی یافتہ مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔

صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت تعمیراتی شعبے کو معیشت کی بحالی، روزگار کے فروغ اور شہری ترقی کا محور سمجھتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے تعمیراتی صنعت کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھاتے ہیں بلکہ نوجوان انجینئرز، ڈیزائنرز اور مقامی صنعتکاروں کے لیے جدید مہارتوں کے تبادلے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں تاہم ہماری کوشش ہے کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے شہری ترقی کے ماڈل اضلاع بھر میں متعارف کروائے جائیں تاکہ عوام کو بہتر طرزِ زندگی فراہم کیا جا سکے۔

تین روزہ ایونٹ یکم نومبر تک جاری رہے گا، جس میں جدید ترین تعمیراتی ٹیکنالوجیز پیش کی جا رہی ہیں، بشمول، ماڈیولر ہاؤسنگ سسٹمز، توانائی بچانے والے تعمیراتی مواد، ڈیجیٹل ڈیزائن ٹولز، گرین کنسٹرکشن ماڈلز، نمائش کے ساتھ منعقدہ بِلڈ پاکستان کانفرنس میں ماہرین کے پینلز اور تکنیکی سیشنز شامل ہیں جن میں سستے مکانات، گرین کنسٹرکشن، اسمارٹ سٹیز اور کلائمٹ ریزیلینٹ انفراسٹرکچر جیسے موضوعات پر گفتگو ہو رہی ہے۔ یہ موضوعات نیشنل کلائمیٹ چینج پالیسی اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں