اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) – جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کو 78 سال مکمل ہوگئے، اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی آج یومِ سیاہ منا رہی ہے۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے دیگر شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، جس میں مظلوم کشمیری عوام کے حق میں یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
“یومِ سیاہ کے حوالے سے اہم اقدامات”
اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک یکجہتی واک کا انعقاد، شرکا نے عالمی برادری سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر “کشمیر بنے گا پاکستان” کے بینرز آویزاں کیے گئے۔ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

“وزیرِ اعظم کا پیغام”
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نہیں نکالا جاتا۔ انہوں نے کہا”27 اکتوبر 1947 کو بھارتی قابض افواج نے سری نگر میں داخل ہو کر ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا، یہ انسانی تاریخ کا ایک المناک باب ہے جو آج بھی جاری ہے۔”
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 سے یکطرفہ اقدامات میں شدت پیدا کر دی، جن میں مقبوضہ وادی کی سیاسی حیثیت تبدیل کرنا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، نقل و حرکت پر پابندیاں، اور اظہار رائے کی آزادی محدود کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کشمیری عوام کے ناقابلِ تسخیر حوصلے، ہمت اور استقامت کو سلام پیش کیا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
“صدر مملکت کا پیغام”
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔”27 اکتوبر 1947 کے دن سے کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت سے محروم رکھا گیا، اور آج بھی بھارتی مظالم جاری ہیں۔”
صدر نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
پاکستان نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے عالمی سطح پر اپنا موقف واضح کیا ہے۔ آج کے یومِ سیاہ کے موقع پر یہ پیغام بھی دیا گیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو دنیا بھول نہیں سکتی، اور پاکستان کشمیری عوام کے حق میں اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

