جیرڈ کُشنر کی اسرائیلی دفاعی کمپنیوں سے منسلک سرمایہ کاری، سی این این کی رپورٹ

واشنگٹن (سی این این) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر کی سرمایہ کاری کمپنی افینیٹی پارٹنرز اسرائیلی مالیاتی ادارے فینکس فنانشل کی سب سے بڑی حصص دار ہے، جبکہ فینکس فنانشل نے اسرائیلی فوج کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے والی کم از کم 9 کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

سی این این کی تحقیق کے مطابق افینیٹی پارٹنرز نے جولائی 2024 میں فینکس فنانشل میں حصص خریدے تھے، جبکہ جنوری 2025 میں اس سرمایہ کاری کو دگنا کردیا، جس کے بعد افینیٹی پارٹنرز فینکس فنانشل کی سب سے بڑی حصص دار بن گئی۔

سی این این کے مطابق فینکس فنانشل کی جانب سے سرمایہ کاری کی جانے والی کمپنیوں میں اسرائیل کی بڑی اسلحہ ساز کمپنی ایلبیت سسٹمز بھی شامل ہے، جبکہ دیگر کمپنیوں میں اسرائیلی فوج کے لیے بحری جنگی جہاز، ٹینکوں کے پرزے اور گولہ بارود سے متعلق سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں۔ فینکس کے ان 9 دفاعی کمپنیوں میں موجود حصص کی مالیت 456 ملین ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیرڈ کُشنر ایک طرف غزہ سمیت مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور امن مذاکرات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب ان کی کمپنی ایسی اسرائیلی مالیاتی کمپنی میں سب سے بڑی حصص دار ہے جو اسرائیلی دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرتی ہے۔

سی این این کے مطابق کُشنر کے وکیل نے کہا ہے کہ کُشنر فینکس فنانشل کے سرمایہ کاری کے فیصلوں میں شامل نہیں، نہ وہ اس کے بورڈ میں ہیں اور نہ ہی انہوں نے کمپنی میں انتظامی عہدہ رکھا ہے۔ تاہم وکیل کے مطابق کُشنر ماضی میں فینکس کی انتظامیہ سے کمپنی، مارکیٹ کے رجحانات اور ممکنہ تزویراتی مواقع کے بارے میں باقاعدگی سے بات کرتے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال جولائی میں کُشنر کی کمپنی نے فینکس فنانشل میں اپنے حصص کا ایک چوتھائی حصہ 340 ملین ڈالر سے زیادہ میں فروخت کیا، تاہم افینیٹی پارٹنرز اب بھی فینکس فنانشل کی سب سے بڑی حصص دار ہے۔

سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ جیرڈ کُشنر کی ذاتی کاروباری سرگرمیوں کا ان کی سفارتی کوششوں سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ فینکس فنانشل نے کہا ہے کہ کمپنی باقاعدہ ضابطوں کے تحت کام کرتی ہے اور حصص داروں کی قدر بنیادی طور پر کمپنی کی عملی کارکردگی سے حاصل ہوتی ہے۔