’جیسا باپ ویسا بیٹا‘، مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب پر اسرائیل کا سخت ردعمل

تل ابیب ( اسرائیلی وزارت خارجہ، بین الاقوامی میڈیا)ایران میں مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیے جانے کے بعد اسرائیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کی اور آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی کلاشنکوف تھامے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔اسرائیل کی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں محاورتی انداز میں لکھا ’’جیسا باپ ویسا بیٹا‘‘۔

بیان میں کہا گیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے ہاتھ پہلے ہی اس خونریزی سے رنگے ہوئے ہیں جو ان کے والد کے دورِ حکومت کی پہچان تھی، اب ایک اور آمر ایرانی حکومت کی بربریت کو جاری رکھنے کے لیے سامنے آ گیا ہے. اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو جنگ کے پہلے دن قتل کیا تھا، وہ 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر تھے۔

اسرائیلی حکام اس سے قبل یہ اشارہ دے چکے تھے کہ اگر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بعد کوئی نیا رہنما سامنے آیا تو اسے بھی ممکنہ ہدف بنایا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر نامزد کردیا گیا ہے جبکہ ایران کی مجلس خبرگان نے قوم سے اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔