سلمان خان کی متنازع فلم ’’مادربھومی‘‘ 4دسمبرکوسینما گھروں میں پیش ہوگی

ممبئی (بھارتی میڈیا) بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنی متنازع جنگی فلم ’’مادربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے، فلم 4 دسمبر کو بھارت بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

سلمان خان نے جمعہ 6 نومبر کو ممبئی میں فلم کی تشہیری تقریب کے دوران ریلیز کی تاریخ بتائی۔ یہ فلم پہلے ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کے نام سے متعارف کرائی گئی تھی، تاہم بعد میں اس کا نام تبدیل کرکے ’’مادربھومی‘‘ رکھا گیا۔

ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی یہ فلم مشرقی لداخ کی وادی گلوان میں 2020ء کے دوران بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔ سلمان خان فلم میں بھارتی فوج کے افسر کرنل بکوملا سنتوش بابو کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو اس جھڑپ میں 19 دیگر بھارتی فوجیوں کے ساتھ ہلاک ہوئے تھے۔

سلمان خان کے مطابق فلم کی ریلیز میں تاخیر کی بڑی وجہ اس کے بصری اثرات پر کام تھا۔ فلم ساز چاہتے تھے کہ ہر منظر معیار کے مطابق ہو اور ناظرین کو کسی منظر میں خامی تلاش کرنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ 45 سے 50 دن میں مکمل کرنے کی توقع تھی، تاہم ساتھی اداکارہ چترانگدا سنگھ کے زخمی ہونے کے باعث کام کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

فلم کی نمائش پہلے جنوری یا جون میں متوقع تھی، بعد ازاں اسے اگست اور پھر 20 نومبر کو ریلیز کرنے پر غور کیا گیا، تاہم اب حتمی تاریخ 4 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔

فلم کے موضوع اور بھارت چین تعلقات کے حوالے سے تنازع بھی سامنے آیا تھا۔ بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم میں چین مخالف مواد کم کرنے اور کہانی میں تبدیلی کے لیے حکومت کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا، تاہم سلمان خان نے ان اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یا سنسر بورڈ کی طرف سے فلم کے مکالموں یا کہانی میں تبدیلی کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سنسر بورڈ اور متعلقہ اداروں نے فلم دیکھی اور کسی چیز پر اعتراض نہیں کیا، جبکہ فلم بغیر کسی کٹ کے منظور کی گئی ہے۔

سلمان خان نے واضح کیا کہ یہ کسی شخصیت کی سوانح عمری نہیں بلکہ حقیقی واقعات سے متاثر ایک کہانی ہے۔ ان کے مطابق فلم میں جنگ کے وسیع تر سیاسی نتائج کے بجائے فوجیوں کے درمیان براہِ راست تصادم، ان کی قربانیوں اور دونوں جانب کے سپاہیوں کے حالات کو موضوع بنایا گیا ہے۔

فلم کا پہلا تشہیری منظر گزشتہ سال دسمبر میں سلمان خان کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا تھا، جس پر چین کے سرکاری اخبار ’’گلوبل ٹائمز‘‘ نے اعتراض کرتے ہوئے اسے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔