عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا

راولپنڈی(ایجنسیاں)اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہنوں نے جیل حکام کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا۔ دھرنے میں سینئر پارٹی رہنما بشمول سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا اور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر خان بھی شریک ہوئے۔

پی ٹی آئی نے پارٹی بانی سے ملاقات کی کئی کوششیں کیں، مگر جیل حکام نے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ گزشتہ ہفتے عمران خان کی ایک بہن عظمیٰ خان کو ملاقات کی اجازت دی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے بتایا تھا کہ عمران خان بالکل ٹھیک ہیں۔

علیمہ خان نے جاری کردہ ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ ریاست قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی نے کچھ غیرقانونی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 مہینوں سے عمران خان کے ذاتی معالج کو ملنے نہیں دیا گیا نواز شریف کے پلیٹ لیٹس انکا ذاتی ڈاکٹر پاس بیٹھ کر سارا دن گنتا تھا ۔علیمہ خان نے سوال کیا کہ ایک ڈاکٹر کو عمران خان سے ملنے دینے میں کیا مسئلہ ہے اور نواز شریف کے جیل میں رہنے کے دوران ڈاکٹرز کی سہولت کے حوالہ سے موجودہ رویے پر سوال اٹھایا۔

بعد ازاں علیمہ خان اپنی گاڑی سے اتریں اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ اڈیالہ جیل کی جانب پیدل بڑھنے لگیں، جہاں انہیں پولیس اہلکاروں نے گورکھ پور مارکیٹ پر روک لیا۔ علیمہ خان نے پولیس رکاوٹ کے پاس بیٹھ کر ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا اور کہا کہ یہ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، عمران خان کو تنہا اور اذیت میں کیوں رکھا جا رہا ہے۔

اسی دوران، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے حکام پر زور دیا کہ عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے، جس سے صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں آنے کا حق ہے اور عدالت کا حکم بھی موجود ہے۔گوہر علی خان نے مزید کہا کہ ملک میں تقسیم نہیں ہونی چاہیے، سیاست میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن دشمنی نہیں ہونی چاہیے۔ وہ پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کیے بغیر روانہ ہوگئے۔