فٹبال کے معروف کھلاڑی کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں اور انہیں اسپتال کے آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق معروف فٹبالر کی کار خوفناک حادثے کا شکار ہو کر مکمل تباہ ہوگئی اس حادثے میں اسٹرائیکر کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم ویسٹ ہیم کے اسٹرائیکر 34 سالہ مائیکل انتونیو کو ایپنگ کے علاقے میں پیش آیا جس میں ان کی فراری کار مکمل تباہ ہوگئی۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ایسکس کاؤنٹی فائر اینڈ ریسکیو سروس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کار میں پھنسے اسٹرائیکر کو شدید زخمی حالت میں باہر نکالا اورسینٹرل لندن لے جایا گیا، جہاں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال ذرائع نے جمیکا کے فٹ بالر مائیکل کی حالت اب تسلی بخش بتائی ہے تاہم وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔ایسکس پولیس کا کہنا ہے کہ حکام فراری کار سے متعلق سنگین حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور عینی شاہدین اور ڈیش کیم فوٹیج کی مدد لی جا رہی ہے۔
ویسٹ ہیم کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ 34 سالہ فارورڈ کار حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں واضح رہے کہ جمیکا کے بین الاقوامی کھلاڑی مائیکل انتونیو نے 2015 میں ناٹنگھم فاریسٹ سے ویسٹ ہیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس کے بعد سے کلب کے لئے 268 لیگ میچوں میں 68 گول اسکور کیے ہیں۔