نئے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ سعودی پریس ایجنسی) پاکستان کیلئےنامزد سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان پہنچ گئے، وہ پیر سے اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

سعودی عرب نے ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو پاکستان میں نیا سفیر مقرر کیا ہے، انہوں نے 28 جولائی کو جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی سعودی مسلح افواج میں میجر جنرل کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ بعد ازاں سفارتی ذمہ داریاں بھی سنبھالی ہیں۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وہ پاکستان کے لیے نئے سفیر مقرر کیے گئے سعودی سفیروں میں شامل تھے۔

ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے اگست میں ریاض میں سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں پاکستان میں باہمی دلچسپی کے امور، انسانی خدمات، آگاہی اور تعلیمی پروگراموں کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور سفارتی شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان میں نواف بن سعید المالکی کی جگہ سعودی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔